• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سزائے موت کے قیدیوں کی رحم کی اپیلوں کے عمل میں تا خیر کے معاملہ پر بھی کابینہ کے اجلاس میں غور

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) معلوم ہوا ہے کہ سزائے موت کے قیدیوں کی رحم کی اپیلوں کے عمل میں تا خیر کے معاملہ پر بھی کابینہ کے اجلاس میں غور کیا گیا۔ وزارت انسانی حقوق نے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا ئی تھی جس میں وزارت انسانی حقوق نےرحم کی اپیلوں کے عمل میں اصلاحات کی تجویز دی ہے۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ سزائے موت کے ہر قیدی کو رحم، سزا میں کمی کی اپیل کا حق ہے۔ رحم کی اپیلوں کے کیسز کا جائزے کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز دی گئی ہے۔ جیل حکام کی جانب سے رحم کی اپیل جمع کرانے کے عمل میں اصلاحات کی تجویز دی گئی ہے۔ اپیل کے عمل میں قیدی کے اہلخانہ سے جیل حکام کی مشاورت یقینی بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔رحم کی اپیل ایک مصدقہ درخواست فارم کے ذریعے جمع کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔سمری کے مطا بق جیل حکام کا درست ریکارڈ فراہم نہ کرنے پر رحم کی مختلف اپیلیں مسترد ہوچکی ہیں ۔یہ بھی کہا گیا ہے کہ موجودہ نظام میں رحم کی اپیلوں کےعمل میں تاخیر کی وجہ نظام کی خامیاں ہیں۔ زارت داخلہ سےرحم کی اپیلوں کے عمل میں رکاوٹوں کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں ۔ موجودہ صورت حال متقاضی ہے کہ حکومت رحم کی اپیلوں کا عمل احتیاط سے پورا کرے۔ ذہنی معذور قیدی خضر حیات کی رحم کی اپیل پر حکم امتناع کے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ سمری کے مطا بق پاکستان نے اے پی ایس حملے کے بعد سزائے موت پر پابندی اٹھائی۔ ابتدائی طور پر دہشت گردوں کو سزائے موت دینے کی اجازت دی گئی۔ بعد ازاں سزائے موت کی تمام 27 کیٹیگریز پر عائد پابندی معطل کی گئی۔
تازہ ترین