• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دل کی دھڑکن سے بجلی بنانے والا جدیدپیس میکر ایجاد

کراچی (نیوز ڈیسک) سائنسدانوں نے ایک ایسا پیس میکر تیار کر لیا ہے جسے چلنے کیلئے بیٹری کی ضرورت نہیں اور یہ دل کی دھڑکن سے ہی اپنے استعمال کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کا حامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس پیس میکر (Pace Maker) میں توانائی کو محفوظ رکھنے کا ایک نظام ہوتا ہے جسے iTENG کہا گیا ہے۔ یہ نظام دراصل ایک باریک پٹی کی طرح ہے جو دل کے گرد لپٹی ہوتی ہے اور یہ دل کے سکڑنے اور پھیلنے سے بجلی پیدا کر سکتی ہے۔ دل کی دھڑکن سے بجلی پیدا کرکے iTENG اسے ذخیرہ کرتا ہے اور اسے پیس میکر کے پاور مینجمنٹ یونٹ کو بھیج دیتا ہے۔ یہ یونٹ درآصل ایک کیپیسٹر ہے جو پیس میکر کے ساتھ ہی منسلک ہوتا ہے۔ دل کی ہر دھڑکن سے اتنی بجلی پیدا ہو جاتی ہے کہ پیس میکر چلتا رہے۔ رپورٹ کے مطابق، اس نئے پیس میکر کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایکسپائر ہوتا ہے اور نہ ہی اسے تبدیل کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے جس سے ایک مخصوص وقت کے بعد پیس میکر کی بیٹری یا پورا پیس میکر تبدیل کرنے کا جھنجھٹ ختم ہو جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق، ابتدائی طور پر اس نئے پیس میکر کا تجربہ ایک سوئر پر کیا گیا، پیس میکر نے کامیابی کے ساتھ جانور کی دل کی ترتیب متوازن رکھی۔ نئے پیس میکر کا ایک فائدہ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ یہ سائنَس اریتھیمیا اور وینٹری کیولر فیبری لیشن جیسے سنگین مسائل کو بھی درست کرنے میں کامیاب رہا۔ دونوں مسائل جان لیوا ہیں۔ نئے پیس میکر کو ماہرین نے سمبایوٹک کارڈیئک پیس میکر (ایس سی پی) کا نام دیا ہے۔ ایس سی پی تین حصوں پر مشتمل ہے، ایک حصہ iTENG ہے جو بجلی ذخیرہ کرتا ہے، دوسرا حصہ پاور مینجمنٹ یونٹ ہے جو کیپیسٹر پر مشتمل ہے جبکہ تیسرا حصہ خود پیس میکر ہے۔ بیٹری سے پاک یہ ڈیوائس امریکی اور چائنیز سائنسدانوں کی ایجاد ہے۔ اس ٹیم کی قیادت جارجیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر ژانگ لین وانگ کر رہے تھے۔ یہ ڈیوائس ٹرائبو الیکٹریسٹی کے اصول پر کام کرتی ہے جو اسٹیٹک الیکٹریسٹی جیسی ہی ہے اور اس کا اثر وہی ہے جو بجلی کے انتہائی معمولی جھٹکے سے محسوس ہوتا ہے۔

تازہ ترین