• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ کے چھترول بیان پر پیپلز پارٹی کا عدم تشدد تحریک شروع کرنیکا اعلان

اسلام آباد(ایوب ناصر ) وفاقی وزیر داخلہ کے ’’چھترول‘‘ بیان پر پاکستان پیپلز پارٹی نے عدم تشدد تحریک شروع کرنے کااعلان کردیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر الزمان کائرہ نے منگل کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ بریگیڈ ئر( ر) اسد منیر کیس کو جلد ٹیک اپ کریں تاکہ تشدد کو بطور ہتھیار استعمال نہ کیا جاسکے۔ وزیرداخلہ کےمائنڈ سیٹ سے تشدد کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ نے عوام پر چھترول کی دھمکی دے کر اپنا’’مائنڈ سیٹ‘‘ ظاہر کردیا،انکا اپنا سارا ماضی تشدد پرکھڑا ہے ۔ ماضی میں انہوں نے ریاستی ادارے کے ذریعے سیاسی وفاداریاں تبدیل کرائیں، نیب اور ریاستی اداروں کی طرف سے زیرحراست افراد پر تشدد کے ذریعے مرضی کے بیانات لینے کے معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اورسڑکوں پراحتجاج کرنے سے بھی گریز نہیں کریں گے،انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کے چیئرمین کو نیب کے حراستی مراکز کادورہ کرنے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کومعلوم ہے کہ حکومت کی معاشی ناکامی سے بیروز گاری میں اضافہ ہوا ہے۔دس لاکھ نوکریاں کم ہوچکی ہیں فصلیں بھی متاثر ہوئی ہیں ،کارخانے بند ہیں، تنگ ہوکر لوگوں کے یقیناً سڑکوں پر نکلنے کا اندیشہ موجود ہے۔
تازہ ترین