• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان دشمن انٹرنیٹ کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کررہے ہیں،وی سی گومل یونیورسٹی

ڈیرہ اسماعیل خان(نمائندہ جنگ)گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد سرور نے کہا ہے کہ دشمن ممالک پاکستان پر ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار مسلط کرکے پاکستان کو بدامنی، انتشار، خلفشار اور خانہ جنگی سے دوچار کرنےکی سازشیں پروان چڑھاتے ہوئے انٹرنیٹ کو بھی پاکستان کی بقاءوسلامتی کیخلاف جاری اپنی جنگ کے ہتھیار کے طور پر استعمال کررہے ہیں اور انٹرنیٹ پر مختلف شکلوں میں ایسا گمراہ کن مواد شیئر کیا جارہا ہے جس کا مقصد ہمارے ملک کی نوجوان نسل کو اپنے مقامی معاشرتی رسم و رواج اور ملک کے آئین وقانون کیخلاف بغاوت پر اکسانا ہے، اس لیے ہمارے ملک کے تمام اداروں کو دشمن کی مسلط کردہ ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار کے شیطانی مقاصد کو ناکام بنانے کےلئے موثر اور جامع حکمت عملی مرتب کرنا ہوگی اور اپنے ملک کی نوجوان نسل خصوصاً کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلباءو طالبات کی فکری و نظریاتی رہنمائی کرتے ہوئے انہیں بہترین موثر انداز میں یہ سمجھانا اور باور کرانا ہوگا کہ انٹرنیٹ پر تعصبات اور شرپسندی پر مبنی مواد شیئر کرنےوالے ہمارے دشمنوں کے عزائم اور مقاصد کیا ہیں اور وہ کس طرح انٹرنیٹ کو پاکستان کیخلاف ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرر ہے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گومل یونیورسٹی میں پیغام پاکستان بیانیہ کی ترویج کے سلسلے میں منعقد ہونیوالی دو روزہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں روایتی جنگوں کا طریقہ ختم ہوچکا ہے اور انٹرنیٹ کے موجودہ دور میں جنگ کے ہتھیار اور کردار بھی بدل چکے ہیں جن کے بارے میں اپنی نوجوان نسل کو سمجھانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی نئی نسل کو دشمن کی میڈیا وار کے پس پردہ محرکات اور اس کے مقاصد سمجھا کر انہیں ہائبرڈ وار کے مقابلہ کے لئے تیار کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے ہمار ے ملک کی آبادی میں یوتھ کی اکثریت سے اور ہم اپنی یوتھ کی صحیح طور پر فکری اور نظریاتی رہنمائی کریں تو ہمارے ملک کا یہ انمول عظیم اثاثہ انٹرنیٹ سمیت ہر محاذ پر پاکستان کے دشمنوں کی چالوں کو ناکام بنا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سائنسی ٹیکنالوجی کے دور میں مملکت خداداد کا ہر ذی شعور شہری اپنے ملک کے سپاہی اور محافظ کا کردار ادا کرسکتا ہے۔ حکومت پاکستان کا تمام مکاتب فکرکے علماءکرام اور مفتیان عظام کے اتفاق رائے سے قومی بیانیہ پیغام پاکستان مرتب کرنےکا اولین مقصد بھی موجودہ جدید دور کے تقاضوں کے عین مطابق اپنی نوجوان نسل کی صحیح خطوط پر نظریاتی اور فکری رہنمائی کرتے ہوئے مہذب ، پرامن اور مثالی معاشرہ تشکیل کرنا ہے کیونکہ معاشرے میں امن ، اتحاد، یگانگت، روا د اری اور استحکام کے قیام سے ہی جنونی انتہاءپسند عناصر کے پاکستان دشمن شیطانی ایجنڈے کو ناکام بنا کر اسلامی جمہوریہ پاکستان کو حقیقی معنوں میں امن و سلامتی کے عظیم گہوارہ میں بدلا جا سکتا ہے جس کےلئے ہمارے ملک کی یوتھ ہراول دستہ بن کر کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے جبکہ ہمارے ملک کے تعلیمی ادارے زیر تعلیم طلباءو طالبات کو مثبت اور تعلیمی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین