• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 انسپکٹروں سمیت7 اہلکاروں کے وارنٹ،گرفتار کر کے پیش کرنیکا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر)سیشن عدالت نے حکم عدولی پر 2 انسپکٹروں سمیت7 پولیس اہلکاروں کے بلاضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کر کے 11 مئی کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے، تھانہ اینٹی نارکوٹکس فورس کے انسپکٹر زبیر احمد، کانسٹیبلوں محمد افتخار، محمد اسلم، محمد جاوید اقبال، تھانہ پاک گیٹ کے سب انسپکٹر محمد اسلم ، ہیڈ کانسٹیبل محمد باقر اور کانسٹیبل قیصر نواز کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دیا ہے ، فاضل عدالت نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں کرنے بارے درخواست پر ایس ایچ او تھانہ قطب پور سے 2 مئی کو جواب طلب کرلیا ہے ، عدالت میں رخسانہ مہندی نے درخواست دائر کی تھی،فاضل عدالت نے بازیاب ہونیوالے محبوس بچوں کو والدہ کے ساتھ بھجوانے کا حکم دیاہے ،عدالت میں شبانہ شوکت نے درخواست دائر کی تھی کہ اس نے شوہر محمدر ئیس کے خلاف دعویٰ دائر کیا جس پر اس نے بچوں کو محبوس کرلیا، فاضل عدالت نے شہری کی جائیداد پر قبضہ کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی درخواست پر ایس ایچ او تھانہ مظفر آباد کوہراساں نہ کرنے کا حکم دیاہے ، عدالت میں محمد اسمعیٰل نے درخواست دائر کی تھی کہ اس کی ملکیت جائیداد پر ظہور حسین اور منظور حسین قابض ہونا چاہتے ہیں ، سیشن کورٹ نے فراڈ اور دھوکہ دہی کے 3 ملزمان رفیق ، حسین اور ناصر عباس کی ضمانت قبل از گرفتاری میں تھانہ چہلیک پولیس سے 30 اپریل کو ریکارڈ طلب کرلیاہے ،فاضل عدالت نے جنید حفیظ کیس میں گواہ کے پیش نہ ہونے پر سماعت 4 مئی تک ملتوی کرنے کا حکم دیا ہے، سیشن ماڈل کورٹ نے منشیات کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ملزم اقبال حسین عرف بالی کو 6 سال قید ،30 ہزار روپے جرمانہ اور عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید6 ماہ جیل قید کاٹنے کی سزا کا حکم دیا ہے، انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک نے دھماکا خیز مواد برآمد ہونے کے مقدمے میں ملوث کالعدم تنظیم کے5 ملزموں نعمان، ابوذر، مبین، ابوبکر اور ارسلان کو جرم ثابت ہونے پر 2،2 سال قید اور منقولہ و غیر منقولہ جائیداد ضبط کرنے کی سزا کا حکم دیا ہے،جوڈیشل مجسٹریٹ نے بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم بٹورنے کے ملزم سجاد حسین کا مزید 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے ، شراب کے ملزم نعیم کو جرم ثابت ہونے پر ایک ہزار روپے جرمانہ، بجلی چوری کے ملزم عباس علی کو اقبالی بیان ریکارڈ کروانے پر ایک سال کیلئے پروبیشن پر بھجوانے جبکہ واپڈا کا سامان چوری کرنے کے 4 ملزمان زوار ، عبدالرؤف ، منیر حسین اور ساجد کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیاہے ،فاضل عدالت نے ملتان کی رہائشی زینب کی درخواست پر اسے دارالامان بھجوانے کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین