• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذکر مصطفیٰؐ کی محافل سے رواداری کو فروغ ملے گا، عالمی میلاد مصطفیٰ کانفرنس

راولپنڈی (جنگ نیوز) عیدگاہ شریف میں عالمی میلاد مصطفیٰ کانفرنس منعقد ہوئی جس میں جید علماء کرام نے خطاب کیا۔ پیر نقیب الرحمان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ذکر مصطفیٰؐ قلوب کو پاکیزہ‘ اذہان کو کشادہ اور جسمانی و روحانی تطہیر کا عمل ہے۔سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمان اور دیگر نے کہا کہ ذکر مصطفیٰؐ کی محافل میں جہاں قلوب پرسکون و اطمینان نازل ہوتا ہے وہیں یہ محافل ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنے‘ اخوت‘ رواداری‘ بھائی چارے اور امن و سلامتی کو فروغ دینے والی محافل ہیں۔ وطن عزیز سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کیلئے ہمیں گلی گلی‘ محلہ محلہ‘ نگر نگر اور شہر شہر ذکر پاک کو عام کرنا ہو گا۔ اپنی زندگیاں سنت نبویؐ کے تابع بنا کر دین و دنیا کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ نیوزی لینڈ اور سری لنکا حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ عالمی میلاد سے دیگر جید علمائے کرام و مشائخ عظام نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزراء خالد مقبول صدیقی‘ فیصل واوڈا‘ ایم این ایز راجہ خرم پرویز‘ شیخ راشد شفیق‘ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف‘ پیر حبیب اللہ شاہ‘ پروفیسر ڈاکٹر پیر ساجد الرحمان‘ پیر سید سعادت علی شاہ‘ پیر دیوان احمد مسعود‘ پیر حسنین مشہدی‘ پیر شمس الامین‘ سنیٹر پیر عبدالمالک قادری‘ پیر خواجہ غلام قطب الدین فریدی‘ پیر امین الحسنات‘ پیر سید علی حسنین شاہ‘ پیر سید علی حیدر شاہ‘ چیئرمین پاکستان علماء کونسل علامہ حافظ طاہر اشرفی موجود تھے جبکہ محمد زوہیب اشرفی‘ الحاج محمد یوسف میمن‘ محمد عامر فیاضی‘ قاری وحید ظفر قاسمی‘ قاری شاہد محمود‘ شہباز قمر آفریدی‘ حافظ شہزاد مدنی‘ قاری احمد رضا و دیگر نے دربار رسالت مآبؐ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔ پیر محمد نقیب الرحمان نے ملکی سلامتی‘ خوشحالی‘ ترقی‘ افواج پاکستان کی سربلندی اور اتحادو سلامتی امت مسلمہ کیلئے دعائیں کرائیں۔
تازہ ترین