• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مذہبی ٹورازم فروغ دے رہے ہیں، سیاحتی امیج برقراررکھیں گے،ذلفی بخاری

اسلام آباد (شکیل اعوان، خصوصی رپورٹر) وزیراعظم کے اوورسیز امور کے بارے میں معاون خصوصی ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ آئندہ چار سال کے دوران ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے عملی اقدامات نظر آئینگے، مذہبی ٹورازم کو فروغ دے رہے ہیں وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کو عزت دے رہے ہیں اور سیاحت کے فروغ کیلئے کئی ممالک کے سیاحوں کو انٹری ویزہ فری کر دیا ہے، اپنے دفتر میں’’ جنگ‘‘ سے خصوصی انٹرویو میں ذلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان کا سیاحتی امیج برقرار رکھیں گے پالیسی بہتر کرینگےہیر پنج، نیشنل ٹورازم اور مارکیٹنگ میں اضافہ کر رہے ہیں۔ تمام صوبوں کو ساتھ لیکر چل رہے ہیں،پی ٹی ڈی سی میں سابق ادوار میں غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں جس سے یہ ادارہ بیٹھ گیا، رشتہ داروں کو بھرتی کرنے سے کارکردگی نہیں دکھائی جاسکتی، مجھے پی ٹی ڈی سی سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی البتہ میں نے فلیش مینز کا ابھی دورہ نہیں کیا، 500 کے قریب غیر ضروری سٹاف بھرتی کیا گیا تھا جنہیں فارغ کر دیا گیا ہے، ہم کسی کی نوکری کے پیچھے نہیں پڑے لیکن میرٹ کو نظرانداز بھی نہیں کرینگے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی حالات بہتر ہونے سے سیاحت کو ترقی مل گئی ہے اور عمران خان کی قیادت میں ملک صحیح سمت چل پڑا ہے، 8 لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانی ملکی سیاحت کو فروغ دے سکتے ہیں ، لوگ مقامی سیاحت کو فروغ دینے کیلئے آگے آئیں ہم سہولیات دینگے، پی ٹی ڈی سی کا خود چیئرمین بنوں گا ایم ڈی کا تقرر کر دیا ہے، 18 ویں ترمیم کے حوالے سے انہوں نے کہا جو بھی حکومتوں نے کیا ہے اس بحث میں نہیں جانا چاہتا تاہم یہ ضروری سمجھتا ہوں کہ ایسا کام کیا جائے جس میں آسانی ہو، تمام صوبوں میں سیاحت کے محکموں کو کام کرنا ہوگا، نجی شعبوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینگے وہ آگے آئیں پالیسیاں بنائیں مجھ سے ڈسکس کریں ہم عمل کرائینگے مقصد سب کا یہی ہونا چاہئے کہ ملک میں سیاحت کو فروغ دیں، مذہبی ٹورازم کو بھی دیکھ رہے ہیں ابھی پنجہ صاحب حسن ابدال میں سکھ یاتری آئے ہیں انہیں تمام سہولیات دی گئی ہیں، دیگر مذاہب کے لوگوں کو بھی سہولیات دینگے، انہوں نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں مزید موٹلز بنا رہے ہیں، مذہبی مقامات پر بھی موٹلز بنا رہے ہیں تاکہ سیاحوں کو سہولتیں مل سکیں، بہت جلد ملک کے چاروں سیاحتی محکموں کے پاس جائوں گا اور بریفنگ بھی لوں گا، ہر شعبے کے ٹاپ کے لوگوں کو ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایمبیسڈر بنا کر دنیا کے سامنے پیش کرینگے۔
تازہ ترین