• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی اردویونیورسٹی میں جنگ گروپ کی معاونت سے انوویشیا19کی تقریبات

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں جنگ میڈیا گروپ کی معاونت سے " انووییشیا 19" ( INNOVATIA -19) کی تین روزہ سالانہ تقریبات کا انعقاد ہوا۔ اس ایونٹ کا انعقاد یونیورسٹی کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے گزشتہ 5 سالوں سے کیا جارہا ہے جس میں پاکستان کی مختلف یونیورسٹیز کے طلبا و طالبات بڑی تعداد میں شریک ہوتے ہیں اور مختلف النوع مقابلوں میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہیں۔ امسال بھی پندرہ سو سے زائد طلبا و طالبات نے " انووییشیا 19" کے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا اور اپنے آئیڈیاز شئیر کئے۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں " انووییشیا 19" کے چئیر پرسن ڈاکٹر راحت اللہ نے شرکا ء کو ایونٹ میں خوش آمدید کہا اور تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں تقریب کے مہمان خصوصی ، ایڈیشنل رجسٹرار فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد شاہ جی محمد نے ایونٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ ایونٹ کے نمایاں مقابلوں میں اسلامک ایونٹ ، الیکٹریکل انوینٹنگ ایونٹ ، سوشل ایونٹ ، ادبی مقابلے ، رنگستان ، سپورٹس مقابلے ، سی ایس ایونٹ اور ٹیکنیکل ایونٹ قابل ذکر تھے۔ ان مقابلوں میں 60 سے زائد یونیورسٹیز کے تقریباً 1570 طلبا ءو طالبات نے حصہ لیا۔ " انووییشیا 19" کا بنیادی مقصد طلباء و طالبات کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ، ان کے مابین باہمی ہم آہنگی اور اخلاقی اقدار کو فروغ دینا تھا۔ تقریبات تین روز جاری رہیں ۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات تھے جنہوں نے مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات میں میں امعامات اور اعزازی شیلڈز تقسیم کیں اور ایونٹ کے کامیاب انعقاد اور بہترین انتظامات پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔
تازہ ترین