• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سریاب روڈ پر سرکاری اراضی پرہسپتال تعمیر کیا جائے گا،آغا عمر احمدزئی

کوئٹہ( پ ر) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما آغا عمر احمد زئی نے ایک سیاسی جماعت کے رہنما کی جانب سے سریاب روڈ پر ریڈیو اسٹیشن کی زمین پر مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے دیئے گئے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعت اس حوالے سے کریڈٹ لینے کی کوشش نہ کرے، حکومت بلوچستان نے اراضی کے حصول یا پھر اس اراضی پر عوامی فلاح وبہبود کے مشترکہ منصوبوں کے لئے پہلے ہی وفاقی حکومت کو مراسلہ ارسال کیا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے 9نومبر 2018کو وفاقی وزیر اطلاعات کو اس ضمن میں مراسلہ ارسال کیا گیا تھا جس میں مذکورہ اراضی صوبائی حکومت کو منتقل کرنے یا وفاقی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے اس اراضی پر ہسپتال، اسپورٹس کمپلیکس اور فیملی پارک کے مشترکہ منصوبے بنانے کی تجویز پیش کی گئی تھی، اس حوالے سے صوبائی حکومت مسلسل وفاقی حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے اور جلد وزیراعلیٰ کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کو حتمی شکل دیتے ہوئے اراضی صوبائی حکومت کو منتقل کردی جائے گی جس پر صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے تعاون سے ہسپتال تعمیر کرے گی جس میں عوام کو بلامعاوضہ علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، اراضی پر ایک سپورٹس کمپلیکس بھی تعمیر کیا جائے گا جس میں علاقے اور شہر کے نوجوانں کے لئے مختلف کھیلوں کی سہولتیں دستیاب ہوں گی جبکہ ایک فیملی پارک بھی تعمیر کیا جائے گا،بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما نے اس امر کو قابل افسوس قرار دیا ہے کہ اپوزیشن جماعت کے رہنما حقائق کے منافی بیان دیتے ہوئے صوبائی حکومت کے مجوزہ منصوبو ں کا کریڈٹ اپنی جماعت سے منسوب کرکے عوام کو بہکانے کی کوشش کررہے ہیں جو جمہوریت اور جمہوری سوچ کے منافی اقدام ہے۔ آغا عمر احمد زئی نے اپوزیشن رہنما کو مشورہ دیا کہ وہ آئندہ صوبائی حکومت کے منصوبوں کا کریڈٹ لینے کی کوشش نہ کریں۔
تازہ ترین