• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین نے 313 پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فری رسائی دیدی

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ چین نے 313 پاکستانی مصنوعات کو اپنی مارکیٹ میں ڈیوٹی فری رسائی دیدی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالرزاق دائود نے کہا کہ چین کے ساتھ آزادنہ تجارتی معاہدہ دوئم پر 28 اپریل کو بیجنگ میں دستخط ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے 313 پاکستانی مصنوعات کو اپنی مارکیٹ میں ڈیوٹی فری رسائی دی ہے اور یہ ڈیوٹی کی چھوٹ صرف ٹیکسٹائل مصنوعات تک محدود نہیں بلکہ کیمیکل، انجنیئرنگ، فٹ ویئر، پلاسٹک اور فوڈ آئٹمز بھی ڈیوٹی فری ہوں گے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت نے یہ بھی کہا کہ آزادانہ تجارتی معاہدے میں مقامی صنعت کو ترجیح دی گئی، جس سے پاکستان کی مقامی صنعتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہو گا جبکہ پاکستان کو ڈیوٹی فری رسائی دینے والی اشیاء کی چین میں سالانہ درآمد 40 ملین ڈالر کی ہے۔

مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ چین کی 1700 مصنوعات کو حساس لسٹ میں رکھا گیا ہے، اگر ملکی صنعت کو نقصان پہنچ رہا ہو گا تو سیف گارڈ لگائے جائیں گے، صنعت کے تحفظ کے لیے 1700 چینی اشیاء پر سیف گارڈ بھی لگا دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ برآمدکندگان چین کے ساتھ ہونے والے تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کریں کیونکہ پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے بہترین مواقع ہیں اور اس کو گنوانا نہیں چاہیے۔

تازہ ترین