• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بریڈ فورڈ کونسل الیکشن کےامیدواروں میں 24پاکستانی شامل

بریڈفورڈ (عبیدالرحمن مغل) انگلستان میں آبادی کے اعتبار سے برمنگھم پہلے، لیڈز دوسرے، شفیلڈ تیسرے اور مانچسٹر چوتھے نمبر پر آتا ہے اس کے بعد پانچواں بڑا شہربریڈفورڈ ہے۔ اس شہر کی کل آبادی 2017 کے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 534,300ہے جس میں سالانہ اعشاریہ صفر چھ کے تناسب سے اضافہ ہورہا ہے۔ ضلع کی ایک اور خاص بات یہاں پر 20سال سے کم عمر افراد کی تعداد کل آباد ی کا 30 اعشاریہ دو فیصد ہونا ہے۔ بریڈفورڈ شہر بارکنگ اور سلائو کے بعد تیسرا ضلع ہے جہاں پر 16 سال کے افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے اور سب سے نمایاں بات یہاں برطانیہ بھر میں پاکستانیوں کی تعداد کا سب سے زیادہ ہونا ہے یعنی کل آبادی کا تقریباً 21فیصد۔ بریڈفورڈ سٹی کے 90 کے ایوان میں 30 پر اس سال انتخابات ہونے جا رہے ہیں اور کونسل کے کئی اہم ترین عہدیدار اپنی نشتوں کا دفاع کررہے ہیں جن میں ٹوری کی نشست پر موجودہ لارڈ میئر ظفر علی اعوان، لیبرکی کونسل لیڈر اور گروپ لیڈر سوزن ایچ کلف، کونسل کے ایگزیکٹو عمران خان، شکیلہ لال اور لبرل ڈیموکریٹ کی لیڈر جینیٹ سنڈرلینڈ ان میں نمایاں ہیں۔ ان تیس نشتوں کے لئے بریڈفورڈ ڈسٹرکٹ میں 135امیدوار میدان میں ہیں جن میں 24 پاکستانی امیدوار بھی شامل ہیں اس وقت بریڈفورڈ کونسل کے 90کے ایوان میں لیبر پارٹی کو 51نشتوں کے ساتھ واضح برتری حاصل ہے، دوسرے نمبر پر ٹوری پارٹی ہے جن کے پاس ایوان میں 21 کونسلر ہیں جبکہ لبرل پارٹی کی 9سیٹیں اور گرین پارٹی کے پاس 2کونسلر ہیں جبکہ گرین پارٹی 2اور مختلف آزاد کونسلروں کی تعداد 7بنتی ہے۔ موجودہ الیکشن میں بھی لیبر پارٹی کو بظاہر کسی بڑے چینلج کا سامنا نہیں جس کی وجہ عوام کو بعض مقامات پر شکوہ ہے کہ لیبر پارٹی کے کئی کونسلر اپنے شہری حلقوں پر توجہ نہیں دیتے۔اس ناراضی کا اظہار ووٹروں نے نہ صرف ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران کیا بلکہ ایک امیدور کے جلسہ میں لیبرکے دیرینہ رکن نے برملا کہا کہ لیبر کے بعض کونسلر عوام کے لئے دستیاب نہیں ہوتے۔ لیبر پارٹی ایسٹ کے چیئرمین اور سابق لارڈ میئر غضنفر خالق بھی اس بات کا اعتراف کرتے نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے بلاشبہ کچھ کونسلر ایسے ضرور ہیں جو عوامی نمائندگی کے اہل نہیں مگر ان کی خوش قسمتی ہے کہ وہ کونسل میں موجود ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ شہر میں اچھے کونسلر بھی موجود ہیں۔ سابق لارڈ میئر کا یہ بھی کہنا تھا کہ بریڈفورڈ میں لیبر پارٹی کی گرفت مضبوط ہے۔
تازہ ترین