• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی اے اور بی ایس سی ختم، 2سالہ ڈگری پروگرام ،نوٹیفکیشن جاری

کراچی (سید محمد عسکری/اسٹاف رپورٹر) وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی جامعات سے بی اے اور بی ایس سی ختم کر کے اس کی جگہ 2سالہ ڈگری پروگرام ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس اور ایسوسی ایٹ ڈگری ان سائنس کرنے کی باقاعدہ گائیڈ لائن جاری کر کے اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اکیڈمک سلمان احمد نے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں ملک بھر کی جامعات کے وائس چانسلرز سے کہا گیا ہے کہ 2سال کی تعلیم کے بعد دو سال کے ڈگری پروگرام کے بعد 14سال کی تعلیم ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام کے تحت ہو گی یہ دو سالہ ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرام خصوصی طور پر عصر حاضر کے تقاضوں اور مارکیٹ کی ضرورت کے تحت بنایا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ 31دسمبر 2018 کے بعد کئے جانے والے بی اے اور بی ایس سی انرولمنٹ اور رجسٹریشن کو ہائر ایجوکیشن کمیشن تسلیم نہیں کرے گا جبکہ 2020 میں ایم اے اور ایم ایس سی پروگرام بھی ختم کر دیا جائے گا ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر اکیڈمکس سلمان احمد نےجنگ کو بتایا کہ جو طالب علم چار سالہ بیچلرز ڈگری پروگرام دو سال تک یونیورسٹی یا ملحقہ کالج سے پڑھے گا اسے ایسوسی ایٹ ڈگری جاری ہو گی۔انھوں نے بتایا کہ آئندہ چند روز میں باقاعدہ ایک اور نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا جس میں کہا جائے گا ہائر ایجوکیشن کمیشن 31دسمبر 2018 کے بعد کئے جانے والے بی اے اور بی ایس سی انرولمنٹ اور رجسٹریشن کی سند (ڈگری) کی تصدیق نہیں کرے گا۔

تازہ ترین