• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی اسمبلی، دوسرے دن بھی ہنگامہ، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف میں لفظی جنگ، علی زیدی تقریر نہ کرسکے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)قومی اسمبلی میں دوسرے روزبھی ہنگامہ ‘پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف میں لفظی جنگ ‘اپوزیشن جماعتوں نے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کو قومی اسمبلی میں تقریر نہ کرنے دی جبکہ ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے ایران میں دہشت گردی سے متعلق بیان پر وزیراعظم عمران خان کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پر آرٹیکل6لگنا چاہئے ‘ انہوں نے ایران میں جاکر تسلیم کیا کہ ہماری سرزمین سے دہشت گرد جاکر حملہ کرتے ہیں‘ انہوں نے وہ بات کہی جو آج تک کسی نے نہیں کی تھی‘دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے ملک میں مہنگائی بڑھنے اور ایف بی آر کے اہداف پورے نہ ہونے کا اعتراف کر لیا اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی حکومت پر شدید تنقید کا منہ توڑ جواب د یتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول صاحب ‘ اگر ہم ناکام ہیں تو آپ ناکام ترین اور نااہل ترین تھے‘ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں 4 مرتبہ وزیر خزانہ تبدیل کیا گیا تو کیا وہ ناکامی نہیں تھی؟‘ بلاول بھٹو کو غدار نہیں سمجھتا‘ پیپلز پارٹی کےدورمیں 5سال خزانے کو بےدردری سےلوٹا گیا‘ اب ان پر گھیرا تنگ ہورہا ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو قومی اسمبلی میں خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پر آرٹیکل 6کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے، انہوں نے ایران میں جاکر تسلیم کیا کہ ہماری سرزمین سے دہشت گرد جاکر حملہ کرتے ہیں‘وزیراعظم نے اسد عمر کو ناکام اور نااہل ترین وزیر خزانہ سمجھ کر نکال دیا‘اسد عمر پیپلز پارٹی سے ناراض نہیں ، وہ درحقیقت حفیظ شیخ کی تعیناتی پر ناراض ہیں‘ اسد عمر کو جو حکم ملا وہ پورا کر کے ایوان سے چلے گئے،بہتر تھا کہ وہ بیٹھ کر ہمارا جواب بھی سنتے‘یہ پاکستان کی پہلی حکومت نے جس نے چھ ماہ میں 8 ارب ڈالر کا قرضہ لے لیا ہے‘خورشید شاہ نے کہا کہ خدا کو مانو اور رحم کرو تم لوگ پاکستانی ہو، خود کہتے ہو کہ 6بار مودی کو فون کیا لیکن وہ بات کرنے کےلئے تیار نہیں، آپ پاکستان اور مسلمانوں کے دشمن مودی کے جیتنے کی دعا کرتے ہو۔دوسری جانب اسد عمر نے بلاول بھٹو زرداری کی حکومت پر شدید تنقید کا منہ توڑ جواب د یتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول صاحب ، اگر ہم ناکام ہیں تو آپ ناکام ترین اور نااہل ترین ہیں، پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں 4 مرتبہ وزیر خزانہ تبدیل کیا گیا تو کیا وہ ناکامی نہیں تھی؟‘ بلاول بھٹو کو غدار نہیں سمجھتا‘ پیپلز پارٹی کے 5 سال خزانے کو بےدردری سےلوٹا گیا، اب ان پر گھیرا تنگ ہورہا ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

تازہ ترین