• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کے دعوئوں کے برعکس تحریک انصاف کے ایم پی ایز کو 60 کروڑ کے فنڈز جاری

پشاور(ارشد عزیز ملک) عمران خان کے دعوئوں کے برعکس تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت نے جنوبی اضلاع کےپارٹی اراکین صوبائی اسمبلی کو 60 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کر دیئے ہیں جبکہ سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی کا نام بھی فہرست میں شامل ہے تاہم انہوںنےاس کو سازش قرار دیتے ہوئے 5 کروڑ روپے کے فنڈز لینے سے انکار کردیا ہے ۔صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے جنگ کو بتایا کہاکرم درانی نے بھی اپوزیشن کو دیوار سے لگایا تھا لیکن تحریک انصاف اپوزیشن کو زیادہ فنڈز دے رہی ہے فنڈز مرحلہ وار جاری ہوں گے اراکین نے سکیمیں جمع کرائی تھیں انھیں فنڈز جار ی کردئیے ہیں۔ سینئر پلاننگ آفیسر محکمہ ایریگیشن خیبر پختونخوا کی جانب سے 19 اپریل 2019ء کو جاری شدہ خط نمبرD.PM\GEX PC-1/2019 کے مطابق جنوبی اضلاع کوہاٹ ، بنوں ، ہنگو ، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان کے آٹھ حکومتی اور ایک اپوزیشن رکن صوبائی اسمبلی کو 65 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔تحریک انصا ف حکومت نے اپنے اراکین اسمبلی کو خوش کرنے کے لئے ان کےحلقوں میںسیلاب سے بچائو کے لئے پشتوں کی تعمیر ٗ نہروں کی بہتری اور نہروں کے اطراف سڑکوں کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری کئے ہیں ۔ خط کے مطابق تحریک انصاف کے صوبائی وزیر صحت ہشام اللہ خان ٗ اراکین صوبائی اسمبلی پختون یار خان ، شاہ محمدخان ، فضل امین خان کو دس دس کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کے مشیر برائے تعلیم ضیاء اللہ خان ٗ اراکین اسمبلی شاہ فیصل خان ، محمد ظہور ، آغاز اکرام اللہ گنڈا پورکو پانچ پانچ کروڑ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں دلچسپ یہ ہے کہ جنوبی اضلاع میں مجموعی طور پر 20 اراکین اسمبلی ہیں جن میں سے تحریک انصاف کے 8 اراکین اسمبلی کو فنڈز جاری ہوئے ہیں۔
تازہ ترین