• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی آر ٹی، کنسلٹنٹ نے صوبائی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ مسترد کردی

پشاور (نمائندہ جنگ) بس ریپڈ ٹرنزٹ پشاور کے کنسلٹنٹ موٹ میک ڈونلڈ نے صوبائی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے انسپکشن ٹیم کی معلومات کو گمراہ کن اور نامکمل قرار دیا ہے۔ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبہ کے پرنسپل انجینئر گل حمید خلیل نے11صفحات پر مبنی جواب جاری کرتے ہوئے صوبائی انسپکشن ٹیم کی رپورٹ کو زمینی حقائق کے منافی قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کنسلٹنٹ کی ٹیم نے صوبائی انسپکشن ٹیم کیساتھ ملاقات کرکے مدلل انداز میں اپنا کیس پیش کیا۔ تاہم ممکنہ طور پر انجینئرنگ کے شعبہ سے لاعلمی کے باعث صوبائی انسپکشن ٹیم وضاحت سمجھنے سے قاصر رہی یا پھر شاید جان بوجھ کر گمراہ کن اور غلط رپورٹ مرتب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبہ کا ٹھیکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی ہدایات کی روشنی میں کم ترین بولی دینے والی کمپنی کو 6ماہ میں کام مکمل کرنے کے لئے دیا گیا۔ پرنسپل انجینئر نے کہا کہ صوبائی انسپکشن ٹیم کی اس رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں کہ منصوبہ کی تیز تر تکمیل کے لئے کمپنی کو 25فیصد اضافی رقم دی گئی۔ پی سی ون میں منصوبہ کی تکمیل کی مدت 12ماہ تھی جو بعد ازاں صوبائی حکومت کی جانب سے کم کرکے صرف 6ماہ کی گئی۔
تازہ ترین