• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلین ٹری تحقیقات ، اپوزیشن ارکان بنوں پہنچ گئے، حکومت کا انکار

پشاور(گلزار محمد خان) بلین ٹری سونامی کی تحقیقات کیلئے قائم’’ پارلیمانی کمیٹی‘‘ میں نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ، اپوزیشن ارکان منصوبہ میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات اور سائٹس کے معائنہ کیلئے ضلع بنوں پہنچ گئے ہیں تاہم حکومتی وزرا اور ارکان نے بنوں جانے سے انکار کردیا ہے،پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے کمیٹیوں سے استعفیٰ دیا اب ڈرامہ کررہی ہے جبکہ اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن نے پارلیمانی کمیٹی نہیں بلکہ صرف ڈیڈک اور قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ کا اعلان کیا ہے،حکومت بلین ٹری میگا کرپشن کی تحقیقات سے راہ فرار اختیار کررہی ہے کیونکہ بنوں میں ایک پودا بھی نہیں لگایا گیا ہے ۔ خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن ارکان کی جانب سے ’’ بلین ٹری سونامی‘‘ منصوبہ میں کرپشن اور بے قاعدگیوں کے الزامات کے بعد سپیکر نے بدعنوانی کی تحقیقات اور سائٹس کے معائنہ کیلئے20رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کرتے ہوئے ایک ماہ میں رپورٹ ایوان میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا ، پارلیمانی کمیٹی نے گزشتہ ہفتہ ابتدائی اجلاس کے دوران بلین ٹری منصوبہ کے طریقہ کار، پودوں کی خریداری، نقد رقوم کی تقسیم اور پودوں کی کامیابی کے تناسب پر شدید اعتراضات اٹھاتے ہوئے25اپریل کو بنوں میں بلین ٹری سائٹس کے دورے کا فیصلہ کیا تھا ، اس دوران پارلیمانی کمیٹی کے معائنہ سے قبل 22اپریل کو بنوں سے منتخب رکن قومی اسمبلی زائد درانی نے اچانک چھاپہ مار کر محکمہ جنگلات حکام کی جانب سے بڑے سائز کے ہزاروں پودے لگانے کا منصوبہ بے نقاب کیا تھا ،23اپریل کو صوبائی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن ارکان نے حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کی مبینہ غیر منصفانہ تقسیم کیخلاف احتجاجاً ڈیڈک اور قائمہ کمیٹیوں سے استعفیٰ کا اعلان کیا، گزشتہ روز24اپریل کو پارلیمانی کمیٹی کے اپوزیشن ارکان بلین ٹری سائٹس کے معائنہ کیلئے بنوں پہنچ گئے تاہم حکومتی وزرا اور ارکان نے بنوں جانے سے انکار کردیا، اس سلسلے میں پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے ’’ جنگ‘‘ کو بتایاکہ23اپریل کو اسمبلی فلور پر اپوزیشن ارکان نے تمام کمیٹیوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا جس کے بعد سیکرٹری اسمبلی اور سیکرٹری جنگلات نے ان سے رابطہ کرکے بتایا کہ اپوزیشن ارکان نے کمیٹی سے استعفیٰ دیا ہےاسلئے جب تک اپوزیشن کے استعفوں کا تنازعہ حل نہیں ہوتا بنوں میں 25اپریل کو طلب کردہ پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس نہیں ہوسکتا جس کے بعد کمیٹی میں شامل حکومتی ارکان کو بنوںمعائنہ موخر ہونے سے متعلق آگاہ کیا گیا ۔
تازہ ترین