• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ آج چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے خوب رٹا لگایا تھا، جن پیسوں سے روٹی، کپڑا اور مکان ملنا تھا وہ آپ کی شاہ خرچیوں پر لگ گیا۔

قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مراد سعید نے مزید کہا کہ حادثاتی چیئرمین بھی ایک سال کی عمر میں کمپنی کے ڈائریکٹر بنے تھے، پی آئی اے، اسٹیل ملز پیپلز پارٹی نے تباہ کر دیے تھے، وہ ادارے اب اپنے پیروں پر کھڑے ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں کئی سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ غربت سندھ میں ہے، تھر میں بچے بلک بلک کر مر رہے تھے لیکن یہ جشن منا رہے تھے، پاکستان میں سب سے زیادہ گھوسٹ اسکولوں کی تعداد سندھ میں ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ یہ پیسوں سے متعلق جواب نہیں دیتے، غصہ کرتے ہیں،غصے کی وجہ یہ ہے کہ بھٹو ہاؤس کا ایک بندہ گرفتار ہو گیا ہے، جتنی لاتیں چلانی ہیں چلا لو احتساب ہو کر رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ اب بھی دھمکی دے کر گئے ہیں کہ پاکستان ٹوٹ سکتا ہے، نہ پاکستان کو خطرہ ہے، نہ اسلام کو خطرہ ہے، خطرہ ہے ان زرداروں کو،پاکستان تاقیامت قائم رہے گا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ حادثاتی چیئرمین کو پھر کہتا ہوں کہ ابو بچنےوالے نہیں، جتنی لاتیں چلانی ہیں چلا لیں، ان کے ابو کی کرپشن بچانے کے لیے ایک وزیر اعظم چلا گیا تھا۔

تازہ ترین