• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کترینہ کی تصویر کا سوشل میڈیا پر تماشا بن گیا

بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان اور خوبرو اداکارہ کترینہ کیف کی آئندہ آنے والی فلم ’بھارت‘ کا ٹریلر جاری ہوتے ہی سوشل میڈیا پر فلم سے متعلقہ ڈائیلاگز اور پوسٹرز میمز (memes) کی نذر ہوگئے ہیں۔

بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق فلم بھارت کے ٹریلر سے لیا گیا کترینہ کا ڈائیلاگ جس میں وہ سلمان خان کو یہ کہتی نظر آرہی ہیں کہ ’اتنے بھاری گیان کی ضرورت نہیں ہے‘ پر لاکھوں میمز بن گئے ہیں۔


ایک ٹوئٹر صارف نے فلم بھارت کے ٹریلر میں سے کترینہ کی تصویر لے کر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ’کترینہ اپنی اداکاری سے کہتی ہیں کہ اتنے بھاری گیان کی ضرورت نہیں ہے۔‘


ایک ٹوئٹر صارف نے کترینہ کی اس تصویر اور ڈائیلاگ کے ساتھ لکھا کہ ’جب آپ 2 نمبر کے سوال کے لیے 2 صفحات کا جواب لکھیں تو استاد کہتا ہے اس میں اتنے بھاری گیان کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔‘


ایک اور ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’جب آپ کا دوست پڑھائی کی بات کرتا ہے تو آپ کہتے ہیں: اتنے بھاری گیان کی ضرورت نہیں ہے۔‘


جہاں ٹوئٹر صارفین نے فلم کے ٹریلر پر میمز بنائے ہیں وہیں سٹی پولیس ناگپور نے بھی سلمان خان کے موجود مختلف روپ سے بنے پوسٹر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’جب پورے شہر میں آپ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوں۔‘

واضح رہے کہ چند روز قبل فلم بھارت کا 3منٹ پر مشتمل ٹریلر جاری کیا گیا تھا جس کے جاری ہو تے ہی ٹوئٹر صارفین کی جانب سے لاکھوں کی تعداد میں میمز بن گئے۔

فلم کے ٹریلر میں سلمان خان کی زندگی کے مختلف روپ دکھائے گئے ہیں، ٹریلر کے پہلے حصّے میں سلمان خان کی پُر جوش جوانی دکھائی گئی ہےجبکہ دوسرے حصّے میں ایسے شخص کی عکاسی کی ہے جو روزگار کی تلاش میں دربدر پھرتا ہے۔

اس فلم میں سلمان خان مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جبکہ کترینہ کیف کمودرائنا کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ سلمان اور کترینہ کے علاوہ فلم میں جیکی شروف، دیشا پتانی، تبو اور سنیل گروور بھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے۔

علی عباس ظفر کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 5جون کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تازہ ترین