• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: اسٹریٹ کرائم میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم گرفتار

رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ملک ذیشان کو گرفتار کرلیا۔


پاکستان رینجرز (سندھ) کے اعلامیہ کے مطابق رواں ماہ ایم اے جناح روڈ نزد انکل سریا اسپتال پر واقع گولڈن بیکری اوررائل ڈیری ملک کی دکان میں ڈکیتی کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی دکھائی گئی جس میں 4 ڈکیتوں کو اسلحے کے ساتھ بیکری اور دودھ کی دوکان میں موجود ملازمین اور گاہکوں سے موبائل فون اور نقدی لوٹتے ہوئے دکھا یا گیا تھا۔

واقعے کی اطلاع کے فوراََبعد رینجرز کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس نے انٹیلی جنس معلومات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے منظور کالونی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث انتہائی مطلوب ملزم ملک ذیشان کو گرفتار کرلیا،ملزم کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو لوٹنے اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ اُس نے اپنے دیگر مفرور ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسلحہ کے زور پر 50 سے زائد دکانیں لوٹیں، اس کے علاوہ ملزم کراچی کے مختلف علاقوں میں 200 سے زائد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہے۔

ملزم کی نشاندہی پر وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد 30 بور پسٹل بھی بر آمد کر لیے گئے ہیں جبکہ ملزم مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے آپریشنز کیے جا رہے ہیں۔

ملزم کو قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

اعلامیہ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ،رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

تازہ ترین