• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ بیرون ملک علاج کی درخواست نے ثابت کردیا کہ میاں نواز شریف صاحب جیل سے نجات چاہتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز کی معاشی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے موجودہ معاشی حالات کی ذمہ دار پی پی اورن لیگ ہیں، دونوں جماعتوں نے غریب کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا۔

انہوں نے بلاول اور مریم اورنگزیب کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مریم اورنگزیب کی ترجمانی پاپڑ والے سے نکلنے والے اربوں روپے نہیں چھپا سکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب آپ کو عوام کے درد کا احساس ہونا کسی تعجب سے کم نہیں، آپ ٹھاٹھ باٹھ سے رہتے ہیں، آپ کو کیا معلوم بنیادی ضروری اشیاء کی قیمتیں کیا ہیں؟

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ بلاول روزمرہ کی چیزوں کے نرخ بتادیں تو یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہوگا، بلاول کو مہنگائی کا احساس ہے تو ابو اور پھوپھو سے کہیں لوٹی ہوئی دولت واپس کردیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے چوری اور سینہ زوری دیکھنی ہو تو اپوزیشن کی تقریریں اور بیانات دیکھ لے۔

واضح رہے کہ نواز شریف نے سپریم کورٹ سے مستقل ضمانت اور باہر علاج کروانے کی اجازت مانگ لی، درخواست میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کی مکمل صحت یابی چھ ہفتوں میں ناممکن ہے، نواز شریف دل اور گردوں کے مریض ہیں پہلے جس ڈاکٹر سے علاج کروایا اسی سے علاج ضروری ہے۔

تازہ ترین