• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیرمیں نام نہادالیکشن اورحریت قائدین کی گرفتاریوں کےخلاف مہم چلائیں گے،تحریک حق خودارادیت

اسلام آباد(جنگ نیوز) جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات، حریت قیادت کے خلاف بھارتی ایجنسی این آئی اے کی جانب سے ناجائز دبائو کے خلاف برطانیہ کے مقامی اور یورپی پارلیمنٹ کے انتخابات میں امیدواروں سے رابطے مکمل کر لئے ہیں۔ مئی کے پہلے ہفتے میں اس حوالے سے بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ 18مئی سے یکم جون تک کشمیری کلچرل پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ تحریک حق خود ارادیت کےچیئرمین راجہ نجابت حسین نے اس سلسلہ میں یورپی پارلیمنٹ میں فریندز آف کشمیر کی چیئرپرسن ایم ای پی اینتھیا میکنٹائر، برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز کشمیر گروپ کی چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراہم، سینئر وائس چیئرمین بیرسٹر عمران حسین کنزرویٹو فرینڈز آف کشمیر کےچیئرمین ایم پی جیک برئیرٹن ایم پی فیصل رشید، لیبر پارٹی کے پارلیمانی گروپ کے چیئرمین کے علاوہ یورپی پارلیمنٹ میں انسانی حقوق کمیٹی کے ممبران ایم ای پی واجد خان، ایم ای پی امجد بشیر سے مشاورت کر کے تقریبات منعقد کرنے کا پروگرام ترتیب دے دیا ہے۔ راجہ نجابت حسین کو ان ممبران پارلیمنٹ نے یقین دلایا ہے کہ وہ برطانوی و یورپی پارلیمنٹ میں ارکان اور حکومتوں کو مقبوضہ کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔ تحریک حق خود ارادیت کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اعظم، برطانیہ کی چیئرپرسن کونسلریاسمین ڈار، وائس چیئرمین امجد حسین مغل، نارتھ ویسٹ ریجن کے مختلف ممبران پارلیمنٹ سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ جبکہ یارکشائر میں سردار عبدالرحمن خان، ہیری بوٹا، طارق بٹ، راجہ غضنفر خالق، کونسلر اصغر خان قریشی، کونسلر صبیحہ خان، کونسلر کنیز اختر اپنے اپنے حلقوں میں ممبران پارلیمنٹ کو کشمیر کی تشویشناک صورتحال بارے آگاہ کر رہے ہیں۔ چیئرمین راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم ہر ریجن میں متحرک اور مقامی سیاستدانوں، ممبران پارلیمنٹ سے مسلسل رابطے میں ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ مستقبل قریب میں ہونے والی تقریبات میں زیادہ سے زیادہ مقامی سیاستدانوں کی حمایت حاصل کی جا سکے۔ لندن ریجن میں عبدالوہاب قادری، شاہدہ جرال، فوزیہ تنویر، الوینہ خان، کونسلر جوہر خان اور دیگر لندن میں کشمیری رہنمائوں لندن کی سیاسی و سماجی اور کاروباری شخصیات کو بھی تحریکی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ اگلے دو ماہ میں برطانیہ و یورپ میں بھرپور اور منظم سفارتی مہم چلا کر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف رائے عامہ ہموار کی جائے گی۔

تازہ ترین