• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حالیہ بارش سے طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوا، جام کمال

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صوبے میں حالیہ بارش اور برف باری سے سات سالہ طویل خشک سالی کا خاتمہ ہوا ہے جس کیلئے اللہ تعالیٰ کا جتنا شکرادا کریں کم ہوگا، بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کا سروے کررہے ہیں، نقصانات کے ازالے کیلئے اگر ضرورت پڑی تو وفاقی حکومت سے رجوع کریں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کاصوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بلوچستان میں خشک سالی سے ایسے پودے بھی خشک ہوگئے تھے جو پہلے کبھی نہیں ہوتےتھے، ہم نے خشک سالی کےحوالےسےکئی اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کی،خشک سالی سےمتاثرہ علاقوں میں ہم سےجو کچھ ہوسکا وہ کیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ لوگوں کی دعائیں قبول ہونےپر اللہ تعالی نےبارش برسائی،پانی اللہ کی نعمت ہے،کچھ گھرضرورمتاثر ہوئےمگر یہ بارشیں ضروری تھیں۔ اپوزیشن ہماری کوتاہی کے بارے میں بتائیں،مگر اللہ کی ناشکری نہ کرے، ماضی میں اگر ہم ڈیم،بند اور چینل بناتے تو بارش کاپانی ضائع نہیں ہوتا۔

انہوں نےکہا کہ بلوچستان میں جتنی برف باری ہوئی ایسی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی، حالیہ بارشوں سے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، نقصانات زیادہ ہونے کی صورت میں وفاقی حکومت سے تعاون کےلئے رابطہ کیاجائےگا۔

اس سے قبل رکن بلوچستان اسمبلی سردار یارمحمد رند نے کہا کہ ضلع کچھی کی اسی فیصد آبادی سیلابی ریلوں کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے،اگر بروقت امداد نہیں کی گئی تو لوگوں کی نقل مکانی شروع ہوجائے گی۔

تازہ ترین