• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیکٹڈ سے پوچھوں گا آپ کو امپائر کی انگلی پسند آئی، بلاول بھٹو

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے ہونے والی ڈیل پارلیمنٹ کی مشاورت سے نہ کی گئی تو یہ ڈیل غیر قانونی ہوگی ، ون یونٹ یا صدارتی نظام لانے کی کوشش کی گئی تو یہ نظام اور ملک ٹوٹ جائے گا، ایمنسٹی سکیم امیروں کو فائدہ دینے کیلئے لائی جارہی ہے ، غریب کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا،وزیراعظم کے خیال میں عورت ہونا گالی ہے، وزیر خارجہ سے کہتا ہوں کہ وزیراعظم کو اکیلا نہ چھوڑیں کیونکہ ان کی زبان پھسل جاتی ہے ، کیا وزیراعظم کو امپائر کی انگلی پسند آئی اور کیا سلیکٹ کرنے والوں کو تبدیلی پسند آئی ہے ؟ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ جب کسی نالائق کو بڑا عہدہ دیاجاتا ہے تو اسی طرح زبان پھسلنے کا خدشہ ہوتا ہے ، اپوزیشن ایوان میں اور حکومت جلسوں میں خطاب کررہی ہے، میرے ایک ٹویٹ سے وزیراعظم ہاؤس کی نیندیں اڑ جاتی ہیں ، اب ہم حکومت کو ٹف ٹائم دینگے۔ انہوں نےمزید کہا کہ عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں اشیاءکی قیمتیں آسمانوں کو چھو رہی ہیں حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں دے گی لیکن وہ لوگوں کو بے روزگار کررہی ہے ،بجٹ میں جو کٹوتیاں کی جائینگی اس سے امیر کو امیر غریب کو غریب تر بنا دیا جائے گا ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ (ن) کے دور میں 2.8ملین نوکریاں دی گئیں جبکہ پیپلز پارٹی کے دور میں 6.8ملین نوکریاں دی گئیں ڈیڑھ سو فیصد تنخواہیں بڑھائیں گئیں بی آئی ایس پی پروگرام شروع کیا گیا ملک میں گندم اتنی زیادہ ہوئی کہ ایکسپورٹ کی گئی اس سے پہلے امپورٹ کی جاتی تھی حکومت نے کہا تھا کہ پانچ لاکھ گھر دینگے لیکن غریبوں کی چھتیں چھینی جارہی ہیں عوام ایک حد تک ظلم برداشت کرسکتی ہے اگر بجٹ میں عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو عوام سڑکوں پر نکل آئینگے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ڈیل سے پہلے سینٹ اور اسمبلی میں مشاورت کی جائے ،بلاول نے کہا کہ ا وزیراعظم نے میرے خلاف بیان دیکر اپنا قد چھوٹا کیا ہے عورتیں ہمیشہ مرد کے شانہ بشانہ چلی ہیں ، پاکستان کی خواتین بہادر ہیں اور خواتین کو آگے لانا چاہتا ہوں اگر خان صاحب سمجھتی ہے تووہ خواتین کا احترام کریں ۔

تازہ ترین