• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک جانے کیلئے نواز شریف کی درخواست، مستقل ضمانت کے لئے سپریم کورٹ میں نظرثانی اپیل دائر

اسلام آباد(جنگ نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے بیرون ملک علاج کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جبکہ درخواست میں عدالت سے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے مستقل ضمانت دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ جمعرات کو سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے 15 صفحات پر مشتمل نظر ثانی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت عظمی نے 26 مارچ کو 6 ہفتوں کے لیے مشروط ضمانت دی تھی، ضمانت طبی بنیادوں پر دی گئی، 26 مارچ کے حکم نامے میں کہا گیا کہ نوازشریف 6 ہفتوں کے دوران ملک چھوڑ کر نہیں جاسکتے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نواز شریف کے پاکستان میں علاج کرانے کی پابندی پر نظر ثانی کی جائے، نواز شریف کا علاج اسی ڈاکٹر سے ممکن ہے جس نے برطانیہ میں ان کا علاج کیا تھا سپریم کورٹ نے لکھوائے گئے حکم نامے میں کہا ہے کہ نواز شریف ضمانت میں توسیع کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں تاہم تحریری حکم نامے میں ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کاحصہ شامل نہیں ہے۔ درخواست میں عدالت سے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے مستقل ضمانت دینے کی استدعا کی گئی ہے اور درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نواز شریف کی مکمل صحتیابی 6 ہفتوں میں ناممکن ہے جبکہ پا کستا ن، برطانیہ، امریکا اور سوئٹزرلینڈ کے طبی ماہرین کے مطابق نواز شریف کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کو دل اور گردوں کے امراض لاحق ہیں۔

تازہ ترین