• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپٹی میئر کراچی ارشد حسن نے حلف اٹھالیا، شہر کی بہتری کا عزم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہم نے نیک نیتی سے جدوجہد کی اور صبر کا دامن نہیں چھوڑا جس سے ہمیں ایک اور بڑی کامیابی ملی اور ہمارا ڈپٹی میئر بھاری مینڈیٹ کے ساتھ کامیاب ہوا، یہ ہماری جدوجہد کا تسلسل ہے اور ہم اسی جذبے کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، کراچی کے مسائل حل کرنا اور شہریوں کو روزمرہ زندگی میں سہولت دینا ہمارا مقصد ہے، ڈپٹی میئرسید ارشد حسن نے کہا کہ نامساعد حالات میں بھی شہریوں کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے د ی، ڈپٹی میئر سید ارشد حسن کی تقریب حلف برداری جمعرات کی سہ پہر بارہ دری گلشن جناح(سابقہ پولو گرائونڈ) میں منعقد ہوئی جس میں میئر کراچی وسیم اختر نے ان سے حلف لیا اس موقع پر وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر کنور نوید جمیل، رکن قومی اسمبلی امین الحق، ارکان صوبائی اسمبلی سندھ ، ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان، چیئرمین ضلع غربی اظہار احمد خان، چیئرمین ضلع شرقی معید انور، سٹی کونسل میں مختلف جماعتوں کے پارلیمانی لیڈر اور مختلف کمیٹیوں کے چیئرمین ، سٹی کونسل کے ارکان ، ڈپٹی کمشنر سائوتھ ریٹرننگ افسر صلاح الدین ، کے ایم سی افسران اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ سید ارشد حسن کی بطور ڈپٹی میئر کامیابی کراچی کے عوام کی طرف سے موجودہ بلدیاتی قیادت پر اعتماد کا ایک اور ثبوت ہے اور یہ ہماری طویل جدوجہد کا نتیجہ ہے جس کا مقصد کراچی کے مسائل حل کرنا اور شہریوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں سہولت مہیا کرنا ہے۔
تازہ ترین