• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
یادش بخیر! عبدالولی خان نے حیدرآباد ٹریبونل سے مخاطب ہو کر کہا تھا ”می لارڈ! تاریخ بڑے کام کی چیز ہے“۔ یہ عین ممکن ہے کہ ایک ہی روز رونما ہونے والے پے در پے واقعات میں مقصد اور طریقہٴ کار کی مطابقت محض اتفاق ہو لیکن تاریخ کے دو مختلف ادوار میں اور دو مختلف مقامات پر رونما ہونے والے واقعات میں مماثلت بڑے کام کی چیز ہے۔ اس سے لکھنے والے کو آج کے دن میں پیدا ہونے والے سلگتے سوالات کی آنچ سے محفوظ رہنے کا موقع مل جاتا ہے۔ ناول کے صفحہٴ اول پر لکھ دیا جاتا ہے کہ کہانی میں بیان کئے گئے واقعات اور کردار مصنف کے دماغ کی اختراع ہیں اور کسی حقیقی کردار یا واقعے سے مماثلت محض اتفاق ہو گا۔ تو پھر چھوڑیں کہ آج کل ہمارے ہاں کیا ہو رہا ہے۔ یوں بھی یہاں کے سیاہ و سفید میں ہم کو دخل ہی کتنا ہے۔ چلتے ہیں یورپ کے ملک اٹلی اور یہ 1922ء کا موسم خزاں ہے۔
اٹلی کو پہلی عالمی جنگ میں شکست ہوئی تھی۔ بحران اور بے یقینی کی کیفیت ملک پر طاری تھی۔ معیشت کا برا حال تھا۔ نوزائیدہ جمہوریت کمزور تھی۔ بائیں بازو کے حامی جمہوریت مضبوط کرنے کی بجائے طبقاتی تضادات کو بڑھاوا دے کر انقلاب کی راہ ہموار کرنا چاہتے تھے۔ دوسری طرف جمہوریت کے حامی سیاست دانوں کو بائیں بازو کی بڑھتی ہوئی طاقت کا مقابلہ کرنے کیلئے فسطائی ٹولے کے ذریعے تشدد کے استعمال سے عار نہیں تھا۔ روایتی طور پر اقتدار کا سرچشمہ بادشاہ کی ذات تھی جسے قابل فہم طور پر جمہوریت سے پرخاش تھی۔ اس سیاسی خلا میں مسولینی نام کا ایک شخص منظر عام پر آیا جو جارحانہ قوم پرستی، سیاست میں تشدد اور ڈھٹائی کی حد تک بے اصولی کا علمبردار تھا۔ مسولینی نے پہلی عالمی جنگ میں ایک گمنام کارپورل کی حیثیت سے حصہ لیا تھا۔ وہ ماضی میں ایک چھوٹے موٹے اخبار کی ادارت بھی کر چکا تھا اور ذرائع ابلاغ میں نمایاں رہنے کا فن جانتا تھا۔ اس نے خود کو رومن سلطنت کی عظمت کا وارث قرار دے کر اپنے تئیں ڈوچے یعنی ’رہبر ‘ کا خطاب اختیار کر رکھا تھا۔ فوج، کاروباری حلقوں اور دائیں بازو کی سیاسی قوتوں کو مسولینی پر اعتماد تھا۔ مسولینی کا سیاسی طریقہٴ کار نہایت سادہ تھا۔ وہ جمہوری حکومتوں کی نااہلی اور کمزوری اچھالنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا تھا اور یہ تاثر دیتا تھا کہ وہ اپنی فسطائی جماعت کی مدد سے موٴثر اور مستعد حکمرانی کے ذریعے قومی وقار بحال کر سکتا تھا ۔ 1919ء اور 1921ء کے انتخابات میں مسولینی کو بری طرح شکست ہوئی تھی تاہم وہ سرے سے جمہوریت ہی میں یقین نہیں رکھتا تھا اور پارلیمینٹ کو محض ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا چاہتا تھا۔ مسولینی اپنی جماعت کی طاقت بڑھا چڑھا کر بیان کرتا تھا ۔ جولائی 1922ء میں اس نے دعویٰ کیا کہ اس کی جماعت کے سات لاکھ رکن ہیں لیکن تین ماہ بعد روم کی طرف مارچ میں بمشکل تیس ہزار افراد شامل تھے۔ وہ وقفے وقفے سے مختلف جماعتوں کی حمایت کا اعلان کرتا اور پھر اچانک ان سے اتحاد ختم کر کے ان کے نیچے سے زمیں کھینچ لیتا تھا۔ اس نے پہلے اشتراکی جماعت سے اتحاد کیااور پھر اسے دھتا بتایا پھر اس نے کاروباری افراد کو بھروسے میں لے کر فسطائی گروہ کے انتہا پسند عناصر کا صفایا کیا۔ گویا اپنے ممکنہ حریفوں کو باری باری ٹھکانے لگایا۔
پستہ قد مسولینی زور دار خطیب تھا۔ سیاسی سمجھ بوجھ سے عاری اندھے پیروکار گھنٹوں اس کی لایعنی تقریریں سنتے تھے جن میں ڈرامائی شعبدے بازی کار فرما ہوتی تھی۔ وہ ایک خاص قسم کی وردی پہنتا تھا اور سینہ پھلا کر چلتا تھا۔ اس کے حامی اسے ایک سیاسی رہنما کی بجائے ہیرو کے طور پر دیکھتے تھے یعنی ایک مافوق الفطرت کردار جو اپنی یگانہ روزگار صلاحیتوں سے کام لے کر تمام مشکلات حل کر سکتا ہے۔ جن معاشروں میں سیاسی بلوغت کی کمی ہوتی ہے وہاں سیاسی عمل کے بجائے کرشمہ ساز ہستیوں سے امید باندھنے کا رجحان پایا جاتا ہے۔
اٹلی کی حکومت نومبر 1922ء میں عالمی جنگ کے حوالے سے ایک قومی دن منانا چاہتی تھی۔ مسولینی نے فیصلہ کیا کہ وہ اس موقع کو اقتدار پر قبضے کیلئے استعمال کرے گا۔ 24 /اکتوبر کو نیپلز میں اپنی جماعت کی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے مسولینی نے اعلان کیا کہ ہماراسیاسی نصب العین بے حد سادہ ہے۔ ہم اٹلی پر حکومت کرنا چاہتے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں حکومت دے دی جائے ورنہ ہم روم کی طرف مارچ کر کے حکومت پر قبضہ کر لیں گے۔ مسولینی نے اٹلی میں امریکہ کے سفیر رچرڈ واش برن چائلڈ سے دریافت کیاکہ اگر وہ اقتدار پر قبضہ کر لے تو امریکی حکومت کو اعتراض تو نہیں ہو گا۔ امریکی سفیر نے اس کی حوصلہ افزائی کی۔ اس زمانے میں بھی آمریت کے عزائم رکھنے والے امریکہ بہادر کی تائید تلاش کیا کرتے تھے۔
چنانچہ مسولینی نے فوراً اقتدار پر قبضے کا منصوبہ تیار کر لیا جس کے مطابق سارے ملک سے فسطائی ارکان کو روم لایا جانا تھا۔ براؤن شرٹ فسطائی گروہ کو روم کی اہم عمارتوں پر قبضہ کرنا تھا۔ مسولینی نے اسے دس لاکھ کے مارچ کا نام دیا تھا لیکن اس میں چالیس ہزار سے زیادہ افراد شامل نہیں تھے۔ مارچ کے دوران مسولینی خود میلان کے قصبے میں مقیم رہا مگر اخبارات میں جعلی تصاویر شائع کرائیں جن سے یہ تاثر دینا مقصود تھا کہ مسولینی سڑکوں پر پیدل چلتا روم کی طرف بڑھ رہا تھا۔ مارچ میں شریک بیشتر افراد مارچ کے سیاسی مقاصد سے نابلد تھے۔ بہت سوں نے تو ہتھیاروں کی بجائے زرعی آلات اٹھا رکھے تھے۔ اس کے باوجود اٹلی کی حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔ بادشاہ کا خیال تھا کہ اٹلی خانہ جنگی کا بوجھ برداشت نہیں کر سکے گا۔ مسولینی بار بار اپنے مطالبات تبدیل کر رہا تھا۔ 26 تاریخ کو اس نے کابینہ میں وزیر بننے پر آمادگی ظاہر کی لیکن حکومت کی گھبراہٹ بھانپ کر اس نے مطالبہ کیا کہ حکومت مستعفی ہو جائے اور اسے وزیراعظم مقرر کیا جائے۔ 28تاریخ کو بادشاہ نے اس کا یہ مطالبہ مان لیا تو مسولینی اور اس کے ساتھی ریلوے ٹرین کے فرسٹ کلاس کے ڈبوں میں بیٹھ کر روم پہنچے ۔
29/اکتوبر کو مسولینی نے اٹلی کے وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر فسطائی پارٹی کے 25000/ ارکان روم کی گلیوں میں دندنا رہے تھے ۔ جماعتی یا ذاتی مخالفین کو اذیتیں دینے کا سلسلہ شروع ہو چکا تھا۔
دس جون 1924ء کو مسولینی نے ایک سیاسی کارکن کے قتل کی آڑ میں باقاعدہ فسطائی آمریت کے قیام کا اعلان کر دیا۔ تمام مخالف جماعتوں کو خلاف قانون قرار دے دیا گیا۔ کاروباری اداروں کو پابند کر دیا گیا کہ وہاں پیداوار اور دوسرے امور میں فسطائی پارٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا۔ معاشی استحکام کے مختصر وقفے کے بعد ملک دوبارہ کساد بازاری کی لپیٹ میں آ گیا تاہم اب عوام فسطائیت کی چٹان تلے سسک رہے تھے اور احتجاج کا کوئی راستہ باقی نہیں تھا۔ مخالفین کو درجنوں کے حساب سے قتل کیا جا رہا تھا۔ اٹلی کی فسطائی حکومت مسولینی کی ذات کے گرد گھومتی تھی۔ مسولینی نے لیگ آف نیشنز سے تعلق توڑ ڈالا اور کمزور افریقی نوآبادیوں مثلاً ایتھوپیا پر حملہ کر دیا۔ دوسری عالمی جنگ شروع ہونے پر جرمنی کا اتحادی بن گیا۔ پے در پے شکستوں کے بعد 1942ء میں اطالوی سپاہیوں نے اسے معزول کر کے نظر بند کر دیا مگر ہٹلر کے سپاہی اسے چھڑا کر لے گئے۔ بپھرا ہوا مسولینی اپنے وطن واپس آیا۔ اس کا دبدبہ اور وقار ختم ہو چکے تھے لیکن اس کے ہاتھوں اٹلی کی مکمل تباہی یقینی ہو رہی تھی۔ 1945 ء کے اوائل میں شمالی اٹلی کے قصبے میض گرا میں اطالوی حریت پسندوں نے مسولینی کو اس کی داشتہ کے ساتھ گرفتار کر لیا ۔ اگلے روز قصبے کے باشندے گھروں سے نکلے تو مقامی اسٹیڈیم میں ایک مرد اور ایک عورت کی گولیوں سے چھلنی لاشیں الٹی لٹک رہی تھیں۔
تازہ ترین