• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع خیبر میں انصاف روزگار سکیم کا باقاعدہ افتتاح

پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے ضم شدہ اضلاع کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور انہیں اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی "انصاف روزگار سکیم" کا ضلع خیبر میں باقاعدہ افتتاح کردیاہے۔اس سلسلے میں جمعرات کے روز ضلع خیبر کی تحصیل جمرود میںبنک آف خیبر کی برانچ میںشاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔افتتاح کے موقع پر سیکرٹری محکمہ خزانہ شکیل قادر،ایم ڈی خیبر بنک سیف الاسلام ضلعی انتظامیہ کے حکام اور قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمند نوجوان امیدواران کثیر تعداد میں موجود تھے۔واضح رہے کہ اس سکیم کے تحت بینک آف خیبر کے ذریعے صوبے میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع کے نوجوانوں کو اپنا روزگار شروع کرنے اورموجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے لئے مرحلہ وار 2 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کئے جائیں گے۔افتتاحی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ تیمور سلیم نے کہا کہ فاٹا انضمام کے حقیقی مقصد کو حاصل کرنے اوروہاں کے عوام اور باالخصوص نوجوان طبقے کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت وزیر اعظم عمران خان کے قبائلی اضلاع کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو عملی شکل دینے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے تاکہ وہاں کے عوام کی سالہا سال کی محرومیوں کا ہرممکن خاتمہ کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ فاٹا کا صوبے میں انضمام حکومت کے لئے ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور یہاں کے عوام کے لئے خوشی کا باعث بھی ہے کیونکہ اب ان پر ترقی و خوشحالی کے دروازے کھل گئے ہیں اور اب وہ دن دور نہیں کہ صوبائی سطح پر بھی قبائلی اضلاع کے لوگوں کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع ملے گا جو ان کے مسائل کے حل کے لئے قانون ساز ایوانوں میں بھرپور آواز اٹھائیں گے ۔
تازہ ترین