• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں بیلٹ اینڈ روڈ فورم کا آغاز ہوگیا، افتتاحی تقریب سے چینی صدر شی چن پنگ نے خطاب کیا، وزیراعظم عمران خان بھی فورم سے اہم خطاب کریں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں چینی صدر شی چن پنگ نے بی او آر کو رابطے مضبوط کرنے کا ذریعہ قرار دیا، انہوں نے ترقی پذیر ملکوں کے لیے دیرپا ترقی کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم عمران خان بھی آج بیلٹ اینڈ روڈ سربراہی فورم سے اہم خطاب کریں گے، وہ اپنے دورے میں رشکئی اکنامک زون کے معاہدے پر بھی دستخط کریں گے ،جبکہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے اکنامک زون کے لیے ایک ہزار ایکڑ زمین فراہم کی جائے گی۔

اس کے علاوہ پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے تحت زرعی شعبے میں تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط ہونگے، سرکاری ذرائع کے مطابق رشکئی صنعتی زون سے 2 لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا ، منصوبے سے 115ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی، منصوبے میں 700صنعتی پلاٹس شامل ہیں ۔

چین روانگی سے قبل عمران خان کا کہنا تھا چین کے تعاون اور دوٹوک حمایت پر شکر گزار ہیں، پاک چین اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ کا فلیگ شپ منصوبہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سی پیک حکومت کی ترجیح ہے، اس کے دوسرے مرحلے میں معاشی ترقی اورروزگارکے مواقع پرکام کررہے ہیں۔وزارت منصوبہ بندی کے ذرائع کے مطا بق سی پیک کے تحت چین سے ملنے والی ایک ارب ڈالر کی گرانٹ چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سماجی ترقی کے چھوٹے منصوبوں پر خرچ ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ چینی گرانٹ صحت تعلیم واٹر سپلائی ٹیلی میڈیسن لائیو اسٹاک اور فشریز سمیت ستائیس مختلف چھوٹے منصوبوں پر خرچ ہو گی یہ منصوبے پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں لگیں گے ۔

تازہ ترین