• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’چین سے دوستی میں ہر چیلنج کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں‘‘


وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ چین کے ساتھ دوستی کے لیے ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

چین کے دارالحکومت بیجنگ میں منعقدہ بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019ء میں متعدد عالمی رہنما شریک ہیں۔

بیلٹ اینڈ روڈ فورم 2019ء کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں شریک ہونے والے پہلے ممالک میں شامل تھا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم سے خطاب کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے سے پاکستان میں توانائی کے بحران میں کمی ہوئی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کے اگلے فیز کی طرف بڑھ رہے ہیں، اگلے فیز میں اسپیشل اکنامک زونز کا قیام ہو گا، پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے گوادر تیزی سے دنیا کا تجارتی مرکز بن رہا ہے، پاکستان کی غیر مشروط حمایت پر چین کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ فورم باہمی رابطوں اور شراکت داری کا اہم ذریعہ ہے، بنیادی ڈھانچے، ریلوے، آئی ٹی اور توانائی میں چین کے ساتھ تعاون چاہتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آزاد تجارت کا معاہدہ اہمیت کا حامل ہو گا، بیلٹ اینڈ روڈ سیاحت کو بھی فروغ دینے کے لیے اہم ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں روڈ اینڈ بیلٹ منصوبے کے ثمرات لوگوں تک پہنچانے اور پائیدار ترقی کے لیے 5 نکات پیش کر دیئے، جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں، سیاحت کے فروغ کے اقدامات، کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنانے، غربت کے خاتمے کے لیے فنڈ کے قیام اور تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے ماحول بہتر بنانے کی کوششوں کی تجاویز شامل ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے اس دورے سے پاک چین تعلقات کو مزید وسعت ملے گی، اس دوران سی پیک کے تحت پاکستان اور چین کےدرمیان زرعی شعبے میں تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورے میں کے پی کے میں سی پیک کے تحت پہلے رشکئی خصوصی اقتصادی زون کے قیام کے معاہدے پر بھی دستخط کئے جائیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ رشکئی خصوصی اقتصادی زون سے 2 لاکھ افراد کو روزگار ملے گا، منصوبے سے 115 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی، خصوصی اقتصادی زون میں 700 صنعتی پلاٹس شامل ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے دورے میں چین کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم ایک بزنس کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے اور لوگوں کو دعوت دیں گے کہ پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔

تازہ ترین