• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’بلین ٹری منصوبے میں کوئی کرپشن نہیں ہوئی‘‘

خیبر پختون خوا حکومت نے بلین ٹری منصوبے میں کسی بھی قسم کی کرپشن کو مسترد کر دیا۔

اس حوالے سے خیبر پختون خوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ایک دن پہلے تمام کمیٹیوں سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا، کمیٹیوں سے استعفے کے بعد اپوزیشن اراکین کا بنوں جانا کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔

وزیراطلاعات کے پی نے کہا کہ بلین ٹری منصوبے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی حکومت نے بنائی ہے، اس ضمن میں غلط پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، اپوزیشن کی باتوں کو مسترد کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کمیٹی بنائی ہے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، اپوزیشن کے پاس کوئی ایشو نہیں، انہوں نے یہ سب کچھ یک طرفہ طور پر کیا۔

شوکت یوسف زئی نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن نے کمیٹی کو متنازع بنا دیا ہے، سیکریٹری اسمبلی کو کہا تھا کہ اجلاس مت بلائیں کیونکہ اپوزیشن نے کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبے میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے قائم پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے بنوں کا دورہ کیا ہے اور منصوبے میں گھپلوں کی نشاندہی کی ہے۔

تازہ ترین