• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی بل کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ

بلدیاتی بل کے معاملے پر پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابا ہوا ہے، اپوزیش ارکان کی ڈپٹی اسپیکر سے تلخ کلامی بھی ہوئی۔

اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے بھی اپوزیشن پر برہمی کا اظہار کیا۔

جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے نون لیگ کے 3 ارکان پیر اشرف رسول،عظمیٰ بخاری اور میاں عبدالرؤف کی رکنیت معطل کر دی۔

پیر اشرف رسول کی رکنیت دوران اجلاس،عظمی بخاری اور میاں عبدالروف کی رکنیت ڈپٹی اسپیکر آفس میں ہنگامہ آرائی کی ویڈیو دیکھنے کے بعد معطل کی گئی۔

وزیرقانون راجا بشارت کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کے ارکان اپنی پارٹی لائن پر چلتے ہیں، ہمارا اور ان کا ایک بات پر متفق ہونا بہت مشکل ہے۔

بلدیاتی بل کی رپورٹ ایوان میں پیش ہوئی تو حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے آگئے، ن لیگ نے بل کے متعدد نکات پر اعتراض کیا۔

مسلم لیگ نون کے ارکان کو ایوان میں گفتگو کی اجازت نہ ملی تو شور شرابہ ہنگامہ آرائی میں بدل گیا، رکن مسلم لیگ نون عظمیٰ بخاری اور ڈپٹی اسپیکر میں تلخ کلامی ہوئی۔

ہنگامہ آرائی کے دوران پیر اشرف رسول کے ریمارکس نے ڈپٹی اسپیکر کو مزید برہم کردیا جس پر انہوں نے پیر اشرف رسول کی رکنیت معطل کر دی۔

اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر کے فیصلے کیخلاف ایوان سے واک آؤٹ کر دیا، ڈپٹی اسپیکر آفس نے ہنگامہ آرائی کی فوٹیج دیکھنے کے بعد مسلم لیگی رکن عظمیٰ بخاری اور میاں عبدالرؤف کی رکنیت بھی معطل کر دی ۔

مسلم لیگ نون کے میاں طاہر جمیل نے کورم کی نشاندہی کر دی، کورم پورا نہ ہونے پر ڈپٹی اسپیکر نے 5 منٹ کے لیے گھنٹیاں بجانے کی ہدایت کی۔

تازہ ترین