• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواجہ اظہار کی دارالصحت اسپتال بند کرنے کی مخالفت

ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے شیر خوار نشواکی ہلاکت کے کیس میں دارالصحت اسپتال کو بند کرنے کی مخالفت کر دی۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار نے سندھ ہائی کورٹ میں ڈومیسائل اور پی آرسی سے متعلق درخواست جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دارلصحت اسپتال کو سیل کرنے کے خلاف ہیں، کیا تھر میں بچے نہیں مر رہے؟ نشوا کا معاملہ پہلا نہیں، جان بوجھ کر کسی نے اس کی جان نہیں لی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے طرزِ حکمرانی کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کر دیا ہے، پیپلز پارٹی نے کوٹہ سسٹم کی آڑ لے کر شہری سندھ کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہے، عدالت کو تمام ثبوت فراہم کر دیے ہیں جن پر شفاف تحقیقات کرائی جائیں۔

خواجہ اظہار الحسن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ میرٹ پر نوکریاں دیں، پیپلز پارٹی پر نہیں اس کے طرزِ حکمرانی پر اعتراض ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ میں وزراء پر ڈنڈا اٹھاؤں گا، لیکن انہوں نے ڈنڈا وزراء کے بجائے وفاق کے خلاف اٹھا لیا۔

تازہ ترین