• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کی کابینہ میں اہم وزارتوں پر غیر منتخب لوگ کیوں؟

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنی نئی کابینہ میں تمام اہم وزاتیں غیر منتخب لوگوں کو دیں۔

ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں کہ کہیں ہم صدارتی نظام کی طرف تو نہیں جا رہے؟ معاون خصوصی کا آئین میں کہیں ذکر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر معلومات اور راز خفیہ رکھنے کا حلف لیتا ہے جبکہ غیر منتخب مشیر اور معاون خصوصی یہ حلف نہیں اٹھاتا۔

پی پی سینیٹر نے کہا کہ خزانہ، پیٹرولیم، اطلاعات ونشریات کی اہم وزارتیں مشیروں اورمعاون خصوصی کے پاس ہیں،حلف نا اٹھانے والوں سے دفاعی مواد اور قومی سیکیورٹی معاملات کیسے شیئر کیے جا سکتے ہیں؟

رضا ربانی نے استفسار کیا کہ آپ حفیظ شیخ سے کیسے دفاعی بجٹ شیئر کرسکتے ہیں؟ کیا ہم محفوظ ہاتھوں میں ہیں؟ کہیں آپ آئین پاکستان کو فالتو بنا رہے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ اگر مشیر اور معاون خصوصی بھی کابینہ اجلاس میں بیٹھ سکتے ہیں تو پھر وزراء کا حلف فضول ہے،کیا یہ پارلیمان کے ساتھ مذاق نہیں کہ اہم وارتوں کی باگ دوڑ ان ہاتھوں میں ہے جو حلف نہیں لیتے؟

سابق چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہاکہ 17 معاون خصوصی نا تو پارلیمنٹ نا ہی قائمہ کمیٹیوں میں بیٹھ نہیں سکتے،اس سے واضح ہوگیا ہے کہ پارلیمنٹ فالتو ہوگئی ہے۔

تازہ ترین