• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمر میمن کا اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن کو خط


پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹر نیشل کے چئیرمین عمر میمن نے اقوامِ متحدہ کی ہائی کشنر برائے انسانی حقوق مادام مشیل باچیلے (Michelle Bachelet) کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے۔

عمر میمن نے اپنا خط جنیوا میں ہیومن رائٹس ایشیا پسیفک ڈیسک انچارج مس لیویا کوسنزا (Livia Cosenza) کو اُن کے دفتر میں ملاقات کے موقعے پر پیش کیا۔پرائیڈ آف ڈیمو کریسی کی جانب سے لکھے گئے اس کھلے خط میں دنیا بھر میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

خط میں نیوزی لینڈ، پاکستان اور سری لنکا میں ہونے والے پُر تشدد واقعات کا ذکر کیا گیا ہے۔ خط میں پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات کا خصوصی حوالہ دیا گیا ہے کہ پاکستان گذشتہ کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہونے والا ملک ہے۔

دہشت گردی کے نتیجے میں بے گناہ شہریوں سمیت پاک افواج اور عوام کی حفاظت پر مامور دیگر سیکیورٹی اداروں کے جوان بھی شہید ہو چکے ہیں۔ خط میں ہائی کمشنر سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیں۔

یہ کمیشن پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی تحقیقات کرے۔ خاص طور سے پاکستان کے حالات پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں ان واقعات کی وجہ سے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے بلکہ پاکستان کی معاشی صورتِ حال بھی ابتری کا شکار ہے۔

یاد رہے کہ پرائیڈ آف ڈیمو کریسی ایک غیر سیاسی سماجی تنظیم ہے جو، انتخابی عمل کے ذریعے تشکیل پانے والے جمہوری نظام کے برعکس اُس جمہوریت کی بات کرتی ہے جس کا براہِ راست عام زندگی سے تعلق ہو۔ یعنی ایسا صحت مند جمہوری کلچر جو گھر سے شروع ہو کر زندگی کے تمام شعبوں میں استحکام اور فروغ پائے۔

اس مقصد کے لیے یہ تنظیم، پاکستان اوردیگر ترقی پذیر ممالک میں یورپین پارلیمنٹ سمیت اقوامِ متحدہ کے دیگر ذیلی اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

تازہ ترین