• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گذشتہ برس گرمیوں میں ڈی ہائیڈریشن اور ہیٹ اسٹروک کی وجہ سے کئی افراد زندگی سے منہ موڑ گئے تھے۔ اس ضمن میں سرکاری اور نجی سطح پر ہیٹ اسٹروک مراکز بھی قائم کئے گئے تھے۔ رواں سال بھی سورج نے آگ برسانا شروع کردیا ہے۔ موسم کی شدت کی مناسبت سے سرکاری و نجی سطح پر ہیٹ اسٹروک مراکز قائم کیے جارہے ہیں تاکہ قیمتی جانوں کو بچایا جاسکے۔

گذشتہ چند برسوں سے رمضان المبار ک کی آمد موسم ِ گرما میں ہورہی ہے، اسی لئے دن بھر روزے کے دوران جسم میں پانی کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ دن بدن بڑھتی ہوئی تپش اور جھلسانے والی گرمی میں باہر نکلنا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے، اس سےنہ صرف ہیٹ اسٹروک ہوسکتاہے بلکہ جان کو بھی خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ تاہم گرمی کی اس شدید لہر سے بچنا آپ کے اختیار میں ہے، چند احتیاطی تدابیر اختیار کرکے نہ صرف ہم خود محفوظ رہ سکتے ہیں بلکہ اپنے پیاروں کو بھی بہت بڑی پریشانی سے بچا سکتے ہیں ۔

ہیٹ اسٹروک کی وجوہات

موسمِ گرما میں جب درجہ حرارت40ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھ جاتاہے تو شدید گرمی اور چلچلاتی دھوپ کی وجہ سے ہیٹ اسٹروک کا خدشہ بڑھ جاتاہے اور اگر حفاظتی اقدامات پر فوراً عمل نہ کیا جائےتو جان سے جانے کا خطرہ ہوتاہے۔ اس کیلئےہمیں چاہئے کہ

٭• کار میں بہت زیادہ دیر تک نہ بیٹھے رہیں ۔

٭• ڈھیلے ڈھالے اور ہلکے کپڑے پہنیں ۔

٭کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ سائے میں رہیں ۔

٭سحری سے پہلے اور افطار کے بعد بار بار پانی پیتے رہیں ۔

٭باہر نکلیں تو گیلے تولیے سے سر اور چہرے کو ڈھک کر رکھیں۔

٭بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں ۔

٭چائے ، کافی اور کولڈ ڈرنک کا استعمال کم سے کم کریں ۔

گھر سے باہر کے کام دن کے آغاز یا اختتام پر نمٹانے کی کوشش کریں،جب موسم قدرے معتدل ہوتاہے۔

ہیٹ اسٹروک کی علامات

٭• شدید سردرد

٭• بہت زیادہ پسینہ آنا

٭سانس کا تیز تیز چلنا اور دل کی دھڑکن بڑھ جانا

٭غشی طاری ہونا یا متلی ہونا

٭پٹھوں یا بدن میں کھنچائو پیدا ہونا

٭جِلد خشک یا سُرخ ہو جانا

اگر ان علامات یا کیفیت میں سے کوئی ایک بھی نظرآئے تو متاثرہ فرد کو کسی سایہ دار جگہ یا ٹھنڈے کمرے میں لے جائیں۔ اسے لٹا کر ٹانگیں اونچی رکھیں۔ متاثرہ فرد کو ٹھنڈا پانی پلائیں اور اس کے جسم پر بھی ڈالیں۔ تیز پنکھا چلادیں ، لیکن ان تمام اقدمات کے ساتھ ساتھ ڈاکٹر سے رجوع کرنا نہ ہرگز مت بھولیں۔

کون لوگ زیادہ متاثر ہوتے ہیں ؟

ویسے تو ہیٹ اسٹروک کا شکا ر کوئی بھی ہوسکتاہے ، لیکن ماہرین کے مطابق60برس یا اس سے زائد عمر کے افراد، ہائی بلڈپریشر اور امراض قلب کے مریض سمیت ایسے افرادجو کمزور جسم کے مالک ہوتے ہیں اور گرمی سمیت کوئی بھی چیز انہیں بآسانی متاثر کرسکتی ہے، سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔لہٰذا ایسے تمام افراد کو رمضان میں خاص طورپر احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، انھیں چاہئے کہ اپنے جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں۔ پانی کی کمی سے بچنے کیلئے سحری اورافطار میں ایسی غذائیں استعمال کرنی چاہئیں، جو نہ صرف جسم کی غذائی ضروریات کو پورا کریں بلکہ ا سے توانائی بھی پہنچائیں۔

مزید احتیاط

ہمیں چاہیے کہ گرمی میں چٹ پٹے، مسالے والے کھانوں اور تلی ہوئی اشیا کے بجائے سادہ غذائیں استعمال کریں۔ دہی اور لسی سحری میں بہترین رہتی ہیں۔ کھیرے کا جوس، ناریل کا پانی اور لیمن جوس وغیرہ بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سوڈا مشروبات سے مکمل اجتناب کریں۔ روزہ کھجور اور پانی سے کھولیں۔ افطارکے دوران ایک ساتھ چھ سات گلاس پانی پینے سے مکمل پرہیز کریں کیونکہ اس طرح فائدے کے بجائے نقصان ہوتاہے۔ افطار کے بعد وقفے وقفے سے پانی پیتے رہیں۔ نماز، تراویح یا شاپنگ کیلئےباہر جائیں تو اپنے ساتھ پانی کی بوتل ضرور رکھیں۔ رات کو سوتے وقت بھی اپنے نزدیک پانی کی بوتل لازمی رکھیں۔ ایسی پھل کھائیں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ روزہ کی حالت میں گرم اور دھوپ والی جگہوں پر کم سے کم جائیں اور سایہ دار مقامات پر وقت گزاریں۔ شدید گرمی میں اینٹی ڈپریشن دوائیں نہ کھائیں، اس سے فالج کا خطرہ ہوسکتاہے۔

تازہ ترین