کراچی میں گرمی، رمضان المبارک کی آمد اور پانی کے بحران پر پولیس اور واٹر بورڈ کا اہم اجلاس ہوا۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں گرمی، رمضان المبارک کی آمداور پانی کے بحران کے حوالے سے کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ کی سربراہی میں واٹر بورڈ اور پولیس افسران کا اہم اجلاس ہوا، جس میں کراچی کے تمام ڈی آئی جیز اور ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی اور اہم فیصلے کیے۔
اجلاس میں ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان نے ایڈیشنل آئی جی کراچی امیر شیخ اور پولیس افسران کو واٹر بورڈ نظام اور مشکلات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس موقع پر ڈاکٹر امیر شیخ نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے کچھ شہریوں کو 22 دن کے ناغہ کے بعد پانی فراہم کیا جائے یہ المیہ ہے۔ شہریوں کو پانی کی فراہمی میں قانونی مشکلات ہیں تو ایم ڈی واٹر بورڈ نشاندہی کریں پولیس ہر مدد کرے گی۔
ڈاکٹر امیر شیخ نے کہا کہ پانی کی عدم فراہمی کے خلاف مظاہرے ہوتے ہیں تو مشکلات پولیس کو دیکھنی پڑتی ہیں، مسائل حل کئے جائیں اور کہا کہ ٹاپ 20 واٹر مافیا یا پانی چوروں کی لسٹ جاری کرکے اُن کے خلاف فوری کارروائی کی جائےاور بڑے مگر مچھ پکڑے جائیں۔
کراچی پولیس چیف کی ہدایت پر پانی چوری کے خلاف کارروائیوں کے لیے واٹربورڈ کو 4 پولیس موبائل اور پولیس بھاری نفری فراہم کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈنے درخواست کی ہے کہ کراچی میں 8 قانونی واٹر ہائیڈرینٹس سے 18 گھنٹے پانی سپلائی کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ اگر کہیں کوئی اور ہائیڈرینٹ چل رہا ہو تواس کے خلاف پولیس کارروائی کرے۔
ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان نے کہا کہ زیرزمین کھارے پانی کے استعمال کے حوالے سے افراد اور مقامات کی فہرستیں واٹر بورڈ فراہم کرے گا۔
کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے یہ بھی کہا کہ پانی چوروں کے خلاف مقدمات سخت اور تمام دفعات کے ساتھ درج کیا جائے اور ہر ایف آئی آر کی کے پی او سے نگرانی ہوگی۔
ڈاکٹر امیر شیخ نے فہرست مرتب کرنے کا حکم دے دیا کہ کتنے پانی چوروں کے خلاف کارروائی ہوئی اور کتنے کس طرح سے قانونی کاروائیوں سے بچ نکلے، اجلاس میں پانی چوروں کے خلاف مقدمات میں دفعہ 14 اے بھی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور چوری میں واٹر بورڈ یا پولیس ملوث ہونے کی صورت میں کاروائی کرنے کا حکم بھی جاری۔
اس کے علاوہ مشترکہ اجلاس میں پانی چوری میں ملوث ڈیڑھ درجن افراد کی نشاندہی کردی گئی اور اُن کے خلاف فوری کارروائی کا حکم بھی سے دیا گیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ضلعی پولیس سطح پر پولیس اور واٹربورڈ حکام کو میٹنگ کرنے کی ہدایت کردی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر احمد شیخ نے کہا کہ واٹر مافیا کے خلاف بھرپور مہم چلانے اور 15 دن بعد پھر اسی طرح کا اجلاس ہوگا۔