آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ19؍ ذوالحجہ 1440ھ 21؍اگست 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچن گھر کا وہ حصہ ہے، جسے برس ہابرس سے خواتین کے سلیقے کا منہ بولتا ثبوت تسلیم کیا جاتا ہے۔ اس کی صفائی ستھرائی اور منظم طریقے سے دیکھ بھال خواتین کے لیے لازمی تصور کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواتین کچن کی تعمیر اور تزئینِ نو کے وقت اسے جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے، خوبصورت لے آؤٹ بنوانے اور اچھا تعمیراتی مٹیریل استعمال کرنے پر زور دیتی ہیں۔ کچن لے آؤٹ کی اہمیت کے پیش نظر ذیل میں کچھ مقبول لے آؤٹ کا ذکر کیا جارہا ہے، جو ایک طرف کچن کو منفرد، جدید اور عالیشان انداز فراہم کریں گے تو دوسری جانب آپ کے باذوق ہونے کا پتہ بھی دیں گے۔

کچن لے آؤٹ کےمختلف انداز

ماہرین کا خیال ہے کہ دوران تعمیرات کچن کیلئے لے آؤٹ کا انتخاب کرنا خاصا مشکل امر ہوتا ہے کیونکہ اس کے بے شمار انداز ہیں۔ ان میں سے کچھ کیلئے زیادہ بجٹ درکار ہوتا ہے جبکہ کچھ مناسب بجٹ میں بھی بن جاتے ہیں۔ قارئین کی آسانی کیلئےہم کچھ ایسے مقبول بجٹ فرینڈلی لے آؤٹ تجویز کررہے ہیں، جو خوبصورت بھی ہیں اور منفرد بھی۔

Uشیپ کچن

U شیپ کچن ڈیزائن مشرق اور مغرب میں یکساں مقبول ہے۔ اگر آپ کے پاس کچن کی تعمیر کے لیے کشادہ جگہ موجود ہے اور آپ وہاں اسٹوریج کے ساتھ ساتھ ڈائننگ ایریا بنوانے میں بھی خاصی دلچسپی رکھتے ہیں تو Uشیپ لے آؤٹ آپ کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ جیساکہ نام سے ہی ظاہر ہے، اس لے آؤٹ کے تحت Uشیپ میں کاؤنٹر ٹاپ بنوایا جاتا ہے۔ ماہرین ایسے کچن کو ’ٹرائی اینگل کچن‘ کا نام بھی دیتے ہیں کیونکہ اس میںتین زاویوں کے تحت منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ درمیان میںچولہا یا اوون رکھا جاتا ہے جبکہ دائیں اور بائیں طرف سنک اور ریفریجریٹر رکھے جاتے ہیں۔ اس حوالے سے ماہرین کا مشورہ ہےکہ Uشیپ کچن میں چولہوں یا اوون کے سائز کا خیال رکھیں کیونکہ اگر آپ کے پاس اس شیپ کے کچن کے لیے جگہ کم ہے تو زیادہ افراد کا ایک ساتھ کام کرنا مشکل ہوجائے گا جبکہ جگہ زیادہ ہونے پر اس طرح کے مسائل نہیں ہوتے۔ Uشیپ لے آؤٹ پر بنوائے گئے کچن میںلکڑی کے کیبنٹس اور درازوںکے ڈیزائن کے لیے Uشیپ کاؤنٹر کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔

Lشیپ کچن

L شیپ کچن بھی کم وبیش Uشیپ کچن جیسا ہی ہے۔ L اور U شیپ کچن کے لے آؤٹ میں خاص فرق حروف تہجی کی بنیاد پر ہی ہے۔ Lشیپ کچن میں ایک ہی دیوار کاؤنٹر ٹاپ اور اسٹوریج کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ یہ شیپ چھوٹی فیملی کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے، جس میں کونے کی جگہ کو زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ لے آؤٹ ان خواتین کے لیےبہترین ہیں، جوکچن میں پرائیویسی کا خاص خیال رکھنا چاہتی ہیں۔

گیلری نما کچن

ویسے تو گیلری نما کچن کا ٹرینڈ اب اتنا زیادہ مقبول نہیں ہے۔ تاہم، آج بھی ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ گھروں میں گیلری نما کچن کی تعمیر کے کئی فوائدہیں ۔

٭ گیلری کچن لے آؤٹ کم جگہ پر دو دیواروں میں اسٹوریج اوردیگر چیزوں کے لیے زیادہ جگہ فراہم کرتا ہے ۔

٭کھانا پکانے کے دوران آپ کو جن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، وہ پاس ہی دستیاب ہوجاتی ہیں ۔

٭کشادہ کچن کے مقابلے میں گیلری نما کچن میں خواتین تھکاوٹ محسوس نہیں کرتیں ۔

٭بڑے گھروں میں ڈسپلے کچن کے ہمراہ گیلری کچن بھی تعمیر کروائے جاتے ہیں کیونکہ ان میں عام لے آؤٹ کی نسبت آسانی سے کوکنگ کی جاسکتی ہے۔

جزیرہ نما کچن

جدید دور میں جزیرہ نما کچن(Island Kitchen) کا ٹرینڈ بے حد مقبول ہے۔ یہ ایک ایسا لے آؤٹ ہے جو دیگر لے آؤٹ کے برعکس مکینوں کو کچن کی تعمیر اور تزئینِ نو کے لیے بے شمار ڈیزائن اور اسٹائل فراہم کرتا ہے۔ جزیرہ نما کچن کو عام طور پر گیلری اور Lشیپ کچن کا مجموعہ کہا جاتا ہے۔ L شیپ کچن میں ایک جزیرہ تعمیر کروایا جاتا ہے، جس کا بظاہر باقی فرنیچر اور کوکنگ ایریا سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ یہ جزیرہ عام طور پر کھانا کھانے یا پھر سجاوٹی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ ماہرین کی اس بارے میں رائے ہے کہ کچن میں تعمیر کروائے جانے والے جزیرے کی مثالی اونچائی 85اور 92سینٹی میٹر کے درمیان ہو تو مناسب ہے۔ دوسری جانب جزیرے اور باورچی خانے کے فرنیچر (مثلاً چولہوں، اوون، فریزر) کے درمیان کم سے کم 1.20میٹر کا فاصلہ ہونا چاہئے تاکہ چلنے پھرنے یا کام کے دوران رکاوٹ محسوس نہ ہو۔

تعمیرات سے مزید