• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’جینیفر اینسٹن‘‘ ہالی ووڈ میں زائد معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک

1994ء میں ٹیلی ویژن شو ’فرینڈز‘ میں راشیل گرین کا کردار نبھانے کے بعد جینیفر اینسٹن نے ٹیلی ویژن اور اس کے بعد فلم کے ناظرین کے دِلوں میں اپنے لیے خاص جگہ بنائی ہوئی ہے۔ چاہے وہ ان کے ڈرامائی کردار ہوں، ایکسرسائز روٹین ہو یا پھر ذاتی زندگی، پرستار بھی ان کی زندگی کے ہر پہلو میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

ہرچند کہ انھوں نے رواں سال فروری میں اپنی 50ویں سالگرہ انتہائی دھوم دھام سے منائی ہے، لیکن وہ اس عمر میں بھی جواں سال، خوبصورت اور پہلے سے زیادہ پُرجوش اور توانا لگتی ہیں۔ وہ ایپل ٹی وی سیریز ’دا مارننگ شو‘ کے ذریعے شوبز کی دنیا میں شاندار واپسی کے لیے تیار ہیں۔

جینیفر اینسٹن جہاں اپنی خوبصورتی، ایکسرسائز روٹین او راداکاری کے بل بوتے پر ہیڈ لائنز میں جگہ بناتی ہیں، وہاں اس سال اپنی سالگرہ کے موقع پر ہیڈلائنز میں جگہ بنانے کی ایک وجہ اس پارٹی میں ان کے سابق شوہر بریڈ پٹ کی شرکت تھی، جس کے بعد یہ افواہیں بھی سرگرم ہوگئیں کہ غالباً دونوں ایک بار پھر ایک ہونے والے ہیں۔ تاہم جینیفر اینسٹن نے ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔ ’ہم دونوں گزشتہ تین سال سے ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں اور ٹیکسٹ پیغامات کے ذریعے ایک دوسرے سے باخبر رہتے ہیں، ہمارے تعلقات خالصتاً دوستانہ نوعیت کے ہیں‘، وہ کہتی ہیں۔

جینیفر کی زندگی کے ابتدائی دن

ہرچندکہ جینیفر اینسٹن کے والدین شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھے، تاہم انھوں نے شوبزنس کی دنیا میں آنے کے لیے کبھی اپنی بیٹی کی حوصلہ افزائی نہیں کی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ جینیفر کو ابتدا میں کئی دیگر کام کرنے پڑے۔ اداکارہ بننے سے پہلے انھوں نے 19سال کی عمر میں نیویارک میں بائیک رائیڈر کی نوکری کی، جسے وہ صرف دو دن تک جاری رکھ سکیں، کیونکہ بقول ان کے وہ بہت بُری رائیڈر تھیں۔ اس کے علاوہ انھیں ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی میں ریسیپشنسٹ کی نوکری بھی کرنی پڑی۔ تاہم جلد ہی انھیں احساس ہوچکا تھا کہ انھیں ہالی ووڈ کی اداکارہ بننا ہے۔ انھوں نے ٹیلی ویژن شو ’فرینڈز‘ کے لیے آڈیشن دیا اور اس طرح شوبز میں ان کے شاندار کیریئر کا آغاز ہوگیا۔ امریکی ٹیلی ویژن کی تاریخ کے چند کامیاب ترین شوز میں شامل ’فرینڈز‘ 2004ء میں اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد جینیفر اینسٹن نے ہالی ووڈ کی کئی فلموں میں کام کیا۔

فلموں کی بڑی اداکارہ

جینیفر اینسٹن کا شمار صرف ٹیلی ویژن کی بڑی اداکاراؤں میں ہی نہیں ہوتا، بلکہ وہ ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کی چند مہنگی ترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ 2018ء میں وہ ہالی ووڈ کی تیسری مہنگی ترین اداکارہ قرار پائیں جبکہ 2017ء میں فوربز نے انھیں میڈونا اور اوپرا وِنفری کے ساتھ امریکی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کی امیر ترین اداکاراؤں کی فہرست میں شامل کیا۔ سیلیبریٹی نیٹ ورتھ کے مطابق، جینیفر اینسٹن کے خالص اثاثوں کی مالیت 240ملین ڈالر ہے۔

ٹیلی ویژن پر واپسی

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے حال ہی میں اپنی اسٹریمنگ سروس لانچ کی ہے، جہاں کمپنی بڑے ناموں کے ساتھ ’اوریجنل کانٹینٹ‘ پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اسی سلسلے میں ایپل ٹی وی اپنے ٹائپ کا ایک مارننگ شو پیش کرنے کا منصوبہ بنا چکا ہے، جس کے لیے انھوں نے جینیفر اینسٹن، رِیزی وِدھرسپون اور اسٹیو کاریل کو سائن کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، جینیفر شو کی ایک قسط کے لیے ایک ملین ڈالر معاوضہ وصول کریں گی۔ ابتدائی طور پر یہ شو دو سیزن پر مشتمل ہوگا اور ہر سیزن دس اقساط کا ہوگا۔ اس طرح توقع ہے کہ شو کے ذریعے جینیفر اینسٹن کی دولت میں مزید 20ملین ڈالر کا اضافہ ہوجائے گا۔

فرینڈز سے آمدنی ابھی تک جاری

حالانکہ ٹیلی ویژن شو ’فرینڈز‘ 2004ء میں ختم ہوچکا ہے، تاہم اس کے چھ مرکزی کردار شو کی دوبارہ ٹیلی کاسٹنگ سے ابھی تک آمدنی حاصل کررہے ہیں۔ ’ورائٹی‘ کے مطابق، 2018ء میں فرینڈز سب سے زیادہ Binge-watched شو تھا۔ 2015ء میں یو ایس اے ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ اس شو کا ہر کردار سالانہ سنڈیکیشن رائٹس کی مد میں 20ملین ڈالر کماتا ہے۔ صرف یہی نہیں، ویب اسٹریمنگ سروسز بھی اس شو کو اپنے پلیٹ فارم پر لانے کے لیے معاوضہ ادا کرتی ہیں۔ نیٹ فلیکس نے 2018ء میں اس شو کو مزید ایک سال کے لیے اپنے پلیٹ فارم پر رکھنے کے لیے 100ملین ڈالر ادا کیے۔

جینیفر اینسٹن بطور انٹرپرینیور

شوبزنس میں شاندار کیریئر کے علاوہ، جینیفر اینسٹن ’ایکو فلمز‘ کے نام سے ایک پروڈکشن کمپنی بھی چلاتی ہیں، جس کی بنیاد انھوں نے 2008ء میں رکھی تھی۔ وہ اس پروڈکشن کمپنی کے تحت ’دا وِچ‘ اور ’ڈمپلین‘ نامی فلمیں پروڈیوس کرچکی ہیں۔ یہ ان کے سالانہ کروڑوں ڈالر کمانے کا ایک اور مستحکم ذریعہ ہے۔

جینیفر اینسٹن بطور برانڈ ایمبیسڈر

’فرینڈز‘ کے ابتدائی زمانے سے ہی جینیفر اینسٹن کئی برانڈز کی ایمبیسڈر رہی ہیں۔ وہ ’اسمارٹ واٹر‘ کی برانڈ ایمبیسڈر رہنے کے علاوہ یورپ کے کئی بیوٹی برانڈز کے کمرشل اور اشتہارات میں کام کرچکی ہیں۔ امارات کی ایئر لائن کے ڈیجیٹل اور ٹی وی کیمپئن کے لیے وہ 5ملین ڈالر معاوضہ وصول کرچکی ہیں۔ فوربز کا تخمینہ ہے کہ جینیفر اینسٹن اشتہارات اور برانڈ ایمبیسڈر شپ کے ذریعے سالانہ کم ازکم 10ملین ڈالر کماتی ہیں۔

اعزازات

مشہور زمانہ سیریز فرینڈز جینیفر کی پہچان ہے، جس میں بےساختہ اداکاری پر انھوں نے پرائم ٹائم ایمی، گولڈن گلوب اور اسکرین ایکٹر گلڈ ایوارڈز جیتے۔ اس کے علاوہ باکس آفس پر ان کی کئی فلمیں کامیاب ہوئیں، جن پر انھوں نے مختلف اعزازات اپنے نام کیے۔

اس کے علاوہ وہ خدمتِ خلق کا جذبہ رکھتے ہوئے فلاحی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں، جس کیلئے وہ مختلف این جی اوز کی مدد کرتی ہیں۔

تازہ ترین