• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توفیق احمد

 پیارے ساتھیو!ساری کائنات حسین مظاہرِ قدرت اور عجائبات سے بھری پڑی ہے۔ان میں بلند و بالا پہاڑ،سبز ے اور برف سے ڈھکی وادیاں ،بڑے بڑے بحر ِ بے کراں،تپتے صحراءگھنے جنگلات پہاڑوں کے جگر چیرتے دریاچٹیل اور ہرے بھرے میدان سمیت ہزاروں ایسے مقامات بھی ہیں، جن کی درست معلومات سے انسان تا حال لا علم ہے۔جن مظاہر قدرت کو انسان دریافت کر پایا ان میں سے ایک مقام مشہور ملک وینزویلا کےگھنے جنگلات میں واقع اینجل آبشار ہے۔یہ دنیاکی سب سے بلند آبشار ہے جو مشہور عالم نیاگرآبشار سے تقریباً 20گنا بلند ہے۔ یہ979میٹریعنی 3212فٹ بلندہے۔یہ وینزویلا کے پانچ عظیم انڈ ونچرل مقامات میں سے ایک ہے۔یہ آبشاردریائے چورون پر واقع ہے۔ 20 ویں صدی کے اوائل میں سب سے پہلے ارنسٹوسانچیزلاکرو زنامی سیاحزاتفاقاًیہاں تک پہنچا۔ مغربی دنیا 1935ء تک اس آبشار سے ناواقف رہی۔ اس کے بعدجب امریکی ہوا باز سونا کی دریافت کے ریسرچرجیمز کرافورڈ اینجل نے پرواز کے دوران اسے پہلی مرتبہ دیکھا۔یہ اسے ایک انتہائی دلکش اور مسحور کن منظر لگا۔لیکن وہ اس وقت پرواز کو جاری رکھتے ہوئےاپنی مطلوبہ منزل کی طرف نکل گیا۔البتہ1936ءمیں وہ اس علاقے میں واپس آیا یہ اس آبشار تک پہنچنے کی پہلی انسانی سعی تھی جو کامیاب ہوئی۔مقامی لوگ اسے اپنی زبان میں (kerepakupai-meru) کیریپاکوپیا میرو کہتے ہیں ۔لیکن دنیا بھر میں اس کی شہرت اسے دریافت کرنے وا لے امریکی خلاباز ہی کے نام “اینجل” سے ہی ہوئی۔اب تک اس آبشار کی جو اونچائی بیان کی جاتی ہے۔ یہ 1949ء میں نیشنل جیو گرافک سوسائٹی کی تحقیق و سروے کے مطابق ہے۔ نیشنل پارک آف کینامیا کی رپورٹ میں اس خطے کو” قدرتی جادوئی حسن “رکھنے والی جگہ کہا گیا ہے ۔کہا جاتا ہے کہ اسے دیکھنے والے کے منہ سے بے اختیار ایسے ہی تعریفی کلمات نکلتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ آبشار وینیزویلا کے سیاحتی مقامات میں سب سے زیادہ مقبولیت رکھتی ہے۔اس تک پہنچنا بھی خطرناک مہم جوئی سے کم نہیں کیونکہ یہ آبشار ایک جنگل کے بیچوں بیچ واقع ہے،جہاں پیدل سفر کرنا تو دور کی بات ہوائی سفر بھی جان جوکھم میں ڈالنے کے مترادف ہے ۔لیکن انسان ازل سے ہی اپنی جان جوکھم میں ڈال کر نت نئی چیزیں اور جگہیں دریافت کرنے اور مہمات سر کرنے کا شوقین رہا ہے ۔سو ایسے خطر ناک ایڈونچر کے شائق اس کے پر لطف اور جادوئی مناظر سے لطف اندوز ہونے ضرور اس کا سفر اختیار کرتے ہیں ۔ ان سیاحوں کو سب سے پہلے وینزویلا کے دارالحکومت کراکاس پہنچنا پڑتا ہے، جہاں سے بذریعہ ہوائی جہازاس آبشار تک پہنچنے کے لیے پرائیویٹ جہاز مل جاتے ہیں۔

تازہ ترین