• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سوشل میڈیا کی عوامی مقبولیت کا جائزہ لیا جائے تو دو وا ضح رجحانات نظر آئیں گے۔ ہماری نچلی اور درمیانی کلاس کے اظہار کا من پسند فورم فیس بک ہے جبکہ پاکستان کی تعلیم یافتہ اور ایلیٹ کلاس ٹوئٹر کی دیوانی ہے، جس کے لئے انگریزی میں اظہار سب سے آسان اور فزوں تر ہوتا ہے۔ سیاستدان اور شوبز شخصیات بھی ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتی نظر آتی ہیں، جن کے اقوال گاہے بگاہے ہم پر پڑھتے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل کرنے کا یہ پلیٹ فارم آپ کے لئے اس وقت تک کامیابی کی ضمانت نہیں بن سکتا، جب تک آپ ذرج ذیل باتوں کا خیال نہیں رکھتے۔

دانشمندانہ استعمال

کروڑوں لوگوں کے اس پلیٹ فارم پر آپ کو ہر شعبۂ حیات میں کارنامے انجام دینے والے ایسے ایسے خواتین و حضرات ملیں گے، جن کی ہر بات پر آپ عش عش کر اٹھیں۔ سیاستدانوں، شوبز شخصیات نیز سائنس، تعلیم، صحت اور کھیل سمیت ان گنت شعبہ جات کی خبریں ٹوئٹر کی مدد سے میڈیا کی زینت بنتی ہیں۔ اس سعی میں ٹوئٹر ٹرینڈز بھی معاون ہوتے ہیں، جیسےکہ آسکر 2019ء اورکرکٹ ورلڈکپ وغیرہ۔ اس گہما گہمی میں اپنا وجود برقرار رکھنے کے لئے آپ کو انوکھی باتیں کرنی ہوں گی اور ایسا عوامی نام رکھنا ہوگا، جس سے لوگوں کی توجہ حاصل ہو۔

ٹوئٹر پروفائل

ٹوئٹر پروفائل بناتے وقت مکمل تسلی کرلیں کہ آپ کے کوائف میں تمام تر تفصیلات درج ہوں۔ آپ اپنے فالورز کو ہیش ٹیگ # کے ذریعے بھی مطلع کرسکتے ہیں۔ اپنے ٹوئٹر اکائونٹ کو بلاگ یا ویب سائٹ سے منسلک کریں۔ ٹوئٹر پر آنے کا ایک وقت مقرر کریں اور باقاعدگی سے ٹوئٹ کرتے رہیں۔ اپنے ہمنوا لوگوں سے بذریعہ ای میل یا فون رابطے میں رہیں۔ اس کے علاوہ اپنے کام اور دلچسپی سے متعلق لوگوں کا گروپ بنالیں۔ ان پر اپنی باتوں کا جادو جگانے کے بجائے دوستانہ رویئے سے دل جیتیں۔

ٹوئٹ میں تصاویر کا استعمال

آجکل تحریر سے بہت کم لوگ متوجہ ہوتے ہیں۔ نہ صرف اپنی پروفائل میں اچھی سی تصویر لگائیں بلکہ اپنے ٹوئٹس میں موقع کی مناسبت سے تصاویر استعمال کرکے اپنی بات کو وزن دار بنائیں۔ تصاویر کا انتخاب کرتے ہوئے کشش کے زاویئے کومدنظر رکھیں۔ صبح سویرے شفق کی کھِلتی کرنوں کی تصویر کے ساتھ گڈ مارننگ کسی کے بھی چہرے پر مسکراہٹ لانے کے لئے کافی ہے۔ اپنے پسندیدہ مضامین کے بارے میں ہمنوا لوگوں سے گپ شپ کرنے کو اپنا معمول بنائیں۔

نوٹیفکیشن کا دھیان رکھیں

جب ہم کسی کی توجہ چاہتےہیں تو دوسرے بھی ہماری توجہ کے طلب گار ہوتے ہیں، اس لئے نوٹیفکیشن کو کبھی نظرانداز نہ کریں۔ ٹوئٹر پر آپ کو مخلص دوستوں کا تحفہ ملے گا۔ ہر چیز کواپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ڈالنے کی کوشش نہ کریں، اپنی پسند کا لحاظ کرتے ہوئے تعداد کے بجائے معیار کو ترجیح دیں۔ اہل دانش کی صحبت اختیار کرنے کے لیے انھیں فالو کریں۔ آپ کے ٹوئٹر اکائونٹ میں دانشوروں کی موجودگی آپ کو دوسروں سے ممتاز اور باوقار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ٹوئٹر کے میدان میں پاکستانیوں کی اکثریت شروع میں تو بہت فعال نظر آتی ہے لیکن پھر وہ محض دوسروں کے ٹوئٹس کو ری-ٹوئٹ کرنے میں لگ جاتی ہے۔ مستقل بنیادوں پر ٹوئٹر پر اپنی موجودگی یقینی بنانے کے لیے دوسروں کی ٹوئٹس کو شیئر کرنے کے ساتھ کسی بھی معاملے پر اپنا نقطۂ نظر یا رائے قائم کریں۔

ٹوئٹ جسے لوگ شیئر کرسکیں

اگر آپ بڑے اور کامیاب لوگوں کے الفاظ اور سرگرمیوں کا جائزہ لیں تو ان میں آپ کو ایک چیز مشترک نظر آئے گی، وہ ایسی بات کرتے ہیں جو سب کے من کو بھائے اور پڑھنے والا اسے شیئر کرنے پر مجبور ہوجائے۔ آپ بھی کوئی اچھوتی بات کرکے لوگوں کی توجہ حاصل کرسکتے ہیں، جوکہ کسی معروف شخصیت کے اقوال زریں بھی ہوسکتے ہیں۔ لوگ اچھی یا حالات حاضرہ سےمتعلق باتیں ’ری-ٹوئٹ‘ کرتے ہیں۔ ٹوئٹر پر معروف شخصیت سے اوپن ڈائیلاگ آپ کے اعتماد اور تربیت سازی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ٹوئٹر کے استعمال کی کچھ کارآمد ٹپس

٭ صبح کے وقت یا شام ڈھلے کچھ لمحات چرا کر ٹوئٹ کیجئے اور اکثر ایسا کرتے رہیں۔

٭فالوورز کی تعداد زیادہ ہونے سے آپ کی بات بھی زائد لوگوں تک پہنچے گی۔

٭متعلقہ رجحانات کو دیکھتے ہوئے اپنی رائے دیں۔

٭ مختصر اور دل میں اتر جانے والے الفاظ استعمال کریں۔

٭فیصلہ سازی کے لئے ڈیٹا استعمال کریں۔

٭ٹوئٹر کمیونٹی کا متحرک حصہ بنیں، دوسروں کی باتیں سنیں اور اپنی رائے بھی دیں۔

٭گرافکس کا دانشمندانہ استعمال کریں۔

٭ دوسروں کی نقل نہ کریں، اپنا منفرد انداز اپنائیں۔

٭کمنٹس کو ری- ٹویٹ کریں۔

٭فالوورز کی تعداد کو کامیابی نہ جانیں۔

٭ٹوئٹر ویڈیو نظر انداز نہ کریں۔

٭ پرائیویٹ باتیں نہ کریں۔

٭ ٹوئٹر لسٹ بنائیں۔

٭ٹارگٹ کسٹمرز کے لئے ٹوئٹر سرچ استعمال کریں۔

٭ اپنا برانڈ ہیش ٹیگ بنائیں۔

تازہ ترین