• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب فٹبال ایسو سی ایشن نے نوید حیدر کو پانچ سال کیلئے معطل کردیا

 غیرآئینی اقدامات کرکے فٹ بال کی تباہی کا باعث بننے والے نوید حیدر خان کو پنجاب فٹ بال ایسو سی ایشن نے پانچ سال کے لئے معطل کردیا۔ ایسو سی ایشن کی اکثریتی فیصلے کے باعث نوید حیدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کی صدارت سے محروم ہو گئے ہیں۔

ہفتے کو لاہور میں پنجاب فٹ بال ایسو سی ایشن کا غیرمعمولی اجلاس ہوا جس میں 37 میں سے 23 ارکان نے شرکت کی اور اکثریتی فیصلے کے باعث نوید حیدر اپنے عہد سے بھی فارغ ہوگئے۔

اجلاس پی ایف ایف کے آئین کے مطابق ایک تہائی سے زیادہ ممبران کی درخواست پر منعقد کیا گیا۔ 

پی ایف ایف کے آئین کی شق (ایم) 25 کے تحت کانگریس نے گزشتہ سال نومبر میں ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ معطلی کو بڑھاتے ہوئے 5 سال کر دیا، اس دوران وہ کسی فٹ بال سرگرمی میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔

اگلے صدر کے باقاعدہ چنائو تک نائب صدر خالد شیخ کی سربراہی میں ایسوسی ایشن کے 3 نائب صدور پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو ایسوسی ایشن کے تمام امور چلائے گی۔ دیگر دو ممبران میں رانا شوکت اور اقبال شیخ شامل ہیں جبکہ اصغر خان انجم بطور کوآرڈی نیٹر فرائض سر انجام دیں گے۔

پنجاب فٹ بال کے نائب صدر شیخ خالد نے اجلاس کو بتایا کہ نوید حیدر کو گزشتہ سال ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے کانگریس کے اگلے اجلاس تک کیلئے معطل کیا تھا جبکہ آج ہونے والی ایسوسی ایشن کی کانگریس نے متفقہ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی معطلی کو بڑھاتے ہوئے پانچ سال کر دیا ہے، جس کی وجہ سے وہ اپنا صدر کا عہدہ بھی برقرار نہیں رکھ سکتے۔

رانا شوکت کا اس بارے میں یہ کہنا تھا کہ ہم نے پی ایف ایف، اے ایف سی اور فیفا کے اسٹیچیوٹس کو پوری طرح مدنظر رکھتے ہوئے ان کی سرگرمیوں کے پیش نظر یہ اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی طرف سے نوید حیدر خان کو معطل کرتے وقت ان پر سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگائے گئے تھے جن میں پی ایف ایف الیکشن 2018 میں پنجاب کے ووٹنگ ممبران کے ناموں میں بغیر منظوری کے تبدیلی، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کانگریس کا اجلاس نہ بلایا جانا، ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کی عدم تعیناتی کے علاوہ غیر آئینی لوگوں کے ساتھ مل کرملک میں فٹ بال کے فروغ کی کوششوں کو تباہ کرنے جیسے الزامات شامل تھے۔

ان پر یہ الزام بھی لگایا گیا تھا کہ وہ پی ایف ایف کی متوازی باڈی بنانے میں ملوث ہیں جب کہ انہوں نے غیرقانونی طریقے سے پنجاب فٹبال ایسوسی ایشن میں بغیر ایگزیکٹو یا کانگریس کی منظوری کے اپنے طور پر دو نائب صدور کا اضافہ کردیا تھا۔

ایسوسی ایشن کے ایک اور نائب صدر شیخ اقبال نے اس بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوید حیدر نے نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر میں فٹ بال کے فروغ کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

انہوں نے ایسے غیر آئینی عناصر کی مدد کی جن کے ایماء پر ساڑھے تین سال وطن عزیز میں فٹ بال کی سرگرمیاں تعطل کا شکار رہیں اور پاکستان کو عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا، اب جبکہ پاکستان میں فٹ بال کی سرگرمیاں بحال ہوچکی تھیں اور پاکستان فٹبال عروج کی طرف گامزن تھا ان کی سازشوں کی بناء پر دوبارہ پاکستان میں فٹ بال کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا۔

تازہ ترین