• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسعود اظہر معاملے پر پاک امریکا تعلقات متاثر نہیں ہونگے، اسد مجید

امریکا میں پاکستان کےسفیر ڈاکٹر اسد مجید خان کا کہنا ہے کہ مولانااظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دینے سے پاک امریکہ تعلقات پر کسی بھی قسم کے کوئی اثرات مرتب نہیں ہونگے ،اس معاملے میں اقوام متحدہ کی کارروائی کے دوران پاکستان نے بین الاقوامی برادری سے مکمل تعاون کیا ہے،کیونکہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے ۔

یہ بات انہوں نے ورلڈ افیئر کونسل ہیوسٹن کے زیر اہتمام ایک مذاکرے کے دوران کہی، جو ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ اور مڈ لینڈ انرجی کے سید جاوید انور کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان ایک بھر پور کردار ادا کررہا ہے، اس لئے اس قرار داد کی وجہ سے امریکہ یا چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات خراب ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے مذاکرات میں پاکستان ایک اہم کردار ادا کررہا ہے، پاکستان نے طالبات کے موجودہ وفد کی تشکیل میں بھی امریکہ کے ساتھ مل کر کام کیا ہے، ہمیں امید ہے کہ اس وجہ سے پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ خطہ کے دیگر ممالک کو بھی چاہیے کہ افغانستان میں قیام امن کی کوششوں میں امریکہ اور پاکستان کا ساتھ دیں، اسد مجید خان نے مزید کہا کہ بھارت کو علاقائی صورتحال کی سنگینی کا احساس ہونا چاہیے، دو ایٹمی ملکوں میں فضائی جنگ ہونا ایک انتہائی خطرناک بات ہے، بھارت کو چاہیے کہ وہ پاکستان کے ساتھ مل کر کشمیر سمیت تمام معاملات کو حل کرنے کی کوشش کرے۔

انہوں نے بعد ازاں جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے پاکستانیوں پر ویزہ کی کوئی پابنددی عائد نہیں کی ہے، تارکین وطن کے سلسلے میں امریکہ اور پاکستان کے درمیان ایک تکنیکی مسئلہ پر بعض اختلافات ضرور موجود ہیں ان پر بات چیت ہو رہی ہے اور ہمیں امید ہے کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے طے پا جائے گا، ویزہ کی پابندی سے متعلق خبریں غلط فہمی کا نتیجہ ہیں، جس کی تردید خود اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے نے بھی کی ہے۔

پاک امریکہ تعلقات سے متعلق ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ نہ صرف پاکستان کا ایک دیرپا اور قریبی حلیف ہے بلکہ اسکا سب سے بڑا’’ٹریڈ پارٹنر‘‘( تجارتی) پارنٹر بھی ہے، بین الاقوامی تناظر میں پاک امریکہ تعلقات نہایت اہم ہیں اور ان تعلقات کو آگے بڑھانے کی اور ان میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پاک امریکہ تعلقات بتدریج بہتر ہو رہے ہیں اور ان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں امریکہ میں مقیم پاکستانی اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ میں نے آج تک جتنے بھی بڑے امریکی سیاستدان دیکھے ہیں انکا ڈاکٹر پاکستانی ہوتا ہے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئی ایم ایف نے سی پیک اور چینی قرضوں پر کوئی اعتراض نہیں کیا ہے،آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں اور عنقریب اسپر بھی سمجھوتہ ہو جائے گا۔

اس موقع پر مڈ لینڈ انرجی ٹیکساس کے سی ای او اور پاکستانی نژاد امریکی آئل بزنس ٹائیکون سید جاوید انور نے سفیر پاکستان کا تعارف کرایا جبکہ ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی کے صدر سعید شیخ نے اظہار تشکر کیا۔

مذاکرے میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ امریکی کمیونٹی اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طلبہ کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی، قونصل جنرل ہیوسٹن ، عائشہ فاروقی بھی اس موقع پرموجود تھیں۔


تازہ ترین