• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کی طرف سے عوام کو دیا گیا ریلیف پیکج نظر آیا اور نہ ہی رمضان کا چاند نظر آیا جبکہ مہنگائی نے بھی جلوہ دکھادیا۔

گوشت،سبزی،پھلوں کی قیمتیں سن کرلوگوں کے ہوش اڑ گئے، رمضان کی خاص سوغات کھجور کی قیمت دوسو سے تین سو روپے کلو ہوگئی،دودھ ،دہی،گھی، چینی،آٹے کے بھی دام بڑھ گئے۔

رمضان کی آمد سے قبل ہی ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کی من مانی سے عوام پریشان نظر آرہے ہیں،سبزیوں کے ساتھ ساتھ پھلوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہورہا ہےاور کھجور کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا۔

عوام کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان میں مہنگائی کا جن بے قابو دکھائی دے رہا ہے۔

 رمضان سے قبل آخری اتوار کراچی کے بچت بازاروں میں رش بھی بڑھ گیا لیکن ساتھ ہی بچت بازاروں کی قیمتیں دیکھ کر عوام کی پریشانیاں بھی بڑھ گئیں ہیں۔

خریداروں کا کہنا ہے کہ رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کی مشکلات میں اضافہ کیاجارہا ہے۔

لاہور میں لگنے والے رمضان بازار عوام کی آنکھوں میں دھول جھو نکنےکا ذریعہ بن گئے۔

ایک ہی بازار میں حکومت پنجاب کی جانب سے ایگریکلچر شاپ پر پیاز، ٹماٹر، لیموں سمیت چند دالیں اور کچھ پھل سستے فروخت کیے جارہے ہیں جبکہ رمضان اسٹالز پرمہنگے داموں اشیا فروخت ہوتی رہیں۔

رمضان بازار میں لیموں 313 روپے جبکہ فیئر پرائس شاپ پر 149 روپے کلو کی فروخت، فرق 164روپے کا،رمضان بازار میں پیاز 49 روپے اور فیئر پرائس شاپ پر 23 روپے کلو کافرق ہے۔

اسی طرح رمضان بازار میں ٹماٹر 49 روپے جبکہ فیئر پرائس شاپ پر 21 روپے کا فرق28 روپے الغرض شہری ایک ہی جگہ پر قیمتوں کی بھول بھلیوں میں کھو گئے۔

تازہ ترین