• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماؤنٹ ایورسٹ سے کچرے کی صفائی، نعشیں بھی بر آمد

دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کسی کچرا کنڈی کا منظر پیش کرتی ہے، جہاں پر ٹنوں کے حساب سے پرانے آلات، کئی کلو گرام کچرااور انسانی فضلہ سمیت کئی کوہ پیماؤں کی نعشیں بھی موجود ہیں۔ دنیا کی اس بلند ترین چوٹی پرکچرے کی صفائی کے لیے ایک بڑی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ پر سے کچرا اٹھانے کا کام 14رکنی ٹیم کر رہی ہے جن کا ہدف 45دن میں10ہزار کلو گرام کچرا اٹھانا ہے۔

ایک غیر ملکی اخبار میں شائع ہونے والی پورٹ کے مطابق ماؤنٹ ایورسٹ سے جمع کیے جانے والے کچرے میں کین، بوتلیں، کھانے کے ڈبے اور سیاحوں یا کوہ پیمائوں کا استعمال شدہ سامان جو کہ خراب ہوچکا ہوتا ہے وہ شامل ہے۔

نیپال کے سرکاری حکام کے مطابق ایورسٹ صفائی مہم کے دوران اب تک کچرے کے علاوہ چار کوہ پیماؤں کی نعشیں بھی ملی ہیں۔

نیپال کے محکمہ سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل نے غیر ملکی اخبار کو بتایا کہ ایورسٹ صفائی مہم کی 14رکنی ٹیم ایورسٹ بیس کیمپ پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایورسٹ صفائی مہم میں حصہ لینے والی 14رکنی ٹیم کے لیے خوراک، پانی، آکسیجن سیلنڈرز اور دیگر ضروری سامان کا پہلے سے ہی وہاں اہتما م کیا جاچکا ہے۔

نیپال کی حکومت اور مقامی کمیونٹیز کی جانب سے سنہ 2014 کے بعد سے کوہ پیماؤں کو اپنے ہمراہ کچرا واپس نہ لانے پر جرمانہ کیا جانےلگا۔

ماؤنٹ ایورسٹ پر بڑی تعداد میں کوہ پیما چوٹی کو سر کرنے کی کوشش کرنے آتے ہیں اور اس دوران وہ اپنے ساتھ لایا ہوا سامان اور مختلف قسم کا کوڑا چوٹی پر چھوڑ کر چلے جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ سلسلہ کوہ ہمالیہ میں نیپال اور چین کے درمیان واقع ماونٹ ایورسٹ دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ہے۔ اس چوٹی کی بلندی 8848 میٹر یا 29028 فٹ ہے۔

تازہ ترین