• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کمیونٹی روس کے انتخابات, نگرانی ڈاکٹر زاہد کریں گے

روس کے شہر ماسکو کے مقامی ہوٹل میں پاکستانی کمیونٹی روس کے کارکنوں کا 2019ء کے الیکشن کے سلسلے میں ایک اجلاس ہوا۔

اجلاس میں عظیم سومرو، کاشف خان، ولید فیض، طیب ذوالفقار، آصف علی ہاشمی، راجہ کوثر حیات، راجہ فرمود کیانی، ملک انجم شہزاد، ملک شہباز، زاہد خورشید چوہدری، امتیاز چانڈیو، اشتیاق ہمدانی، عقیل اور ڈاکٹر زاہد علی خان نے شرکت کی۔

جبکہ سینٹ پیٹرزبرگ سے آصف صدیقی، نعیم شیخ اور شاہد کامران بھی براہ راست ٹیلی فون پر اجلاس میں شریک رہے۔اجلاس میں 2019ء کے پاکستانی کمیونٹی روس کے الیکشن سے متعلق اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی اور کئی فیصلے کئے گئے جن میں پاکستان کمیونٹی روس کے الیکشن کا انعقاد 6 جولائی 2019ء کو کرانے، انتخابات پینل کی بنیاد پر صدر اور نائب صدر کیلئے ایک ووٹ ایک فرد کے اصول پر ہوگا۔

انتخابات کے سلسلے میں کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی آخری تاریخ 7جون رکھی گئی ہے اور اسی دن انتخابات میں حصہ لینے والوں کی فہرست شائع کردی جائے گی۔ انتخابات میں شرکت کرنے والے کیلئے 25 ہزار روبل پینل فیس رکھی گئی ہے۔ انتخابات میں ہر بالغ پاکستانی حصہ لے سکتا ہے جو کسی طرح بھی یہ ثابت کردے کہ وہ پاکستانی ہے۔

الیکشن 2008ء کے طرز پر کرائے جائیں گے یعنی پورے روس میں ایک ساتھ ایک دن ہی الیکشن ہوگا اور ماسکو کے صدارتی امیدوار اپنے اپنے نمائندے دوسرے شہر میں منتخب کرسکیں گے۔ روس کے کسی بھی شہر میں رہنے والے پاکستانی اپنا پینل مرتب کر سکتے ہیں یا کسی پینل میں شریک ہو کر الیکشن لڑسکتے ہیں۔

الیکشن کرانے کے لئے الیکشن کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جن کے نام مندرجہ ذیل ہیں۔ ماسکو سے طیب ذوالفقار، ملک انجم شہزاد، راجہ فرمود کیانی، آصف ہاشمی اور عظیم سومرو، پیٹرز برگ سے آصف صدیقی شامل ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 مئی 2019ء سے پاکستانی کمیونٹی روس اپنے اختیارات سے دستبردار ہوگئی ہے اور سارے اختیارات اب عبوری صدر ڈاکٹر زاہد علی خان کو سونپی گئی ہے اور ان کو الیکشن کمیٹی کا چیئرمین بھی منتخب کیا گیا ہے۔

ان کی سربراہی میں الیکشن کیمٹی، پاکستان کمیونٹی روس کے 2019ء کے انتخابات کرائے گی۔ بات چیت میں اس بات کا ذکر بھی کیا گیا کہ جو لوگ بھی اس تحریک کا ساتھ دینا چاہتے ہیں اور جمہوری عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں ان کے لئے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

تازہ ترین