• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سیاسی و سماجی رہنماؤں کی لاہور دھماکے کی مذمت

ملک بھر کی سیاسی وسماجی شخصیات نے داتا دربار کے باہر خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور مشکل کی اس گھڑی میں قوم کو ثابت قدم رہنے اور اتحاد کا مظاہرہ کرنے کا پیغام دیا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے داتا دربار لاہور کے باہر ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکورٹی ادارے اس المناک واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں اس دہشت گردی کے واقعے کے ذمہ داروں کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے غم زدہ خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کےمقدس مہینےمیں دہشت گردی کےمرتکب پاکستان اور اسلام کےدشمن ہیں۔

انہو ں نے مزید کہا ہے کہ داتا دربار کو نشانہ بنایا جانا انتہائی قابل مذمت اور امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک ہے۔ حملہ آوروں کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ زخمی افراد کی جلد صحت یابی اور شہیدوں کی مغفرت کےلیے دعاگو ہیں۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور سانحے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم انسانوں کی جانوں سے کھیلنا بزدلانہ اقدام ہے۔


انہوں نے مزید کہا ہے کہ دشمن قوتیں پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتی ہیں. ہمارا عزم ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپک پیغام میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ’سکیورٹی ادارے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔ ریاست نے دہشت گردوں کے سامنے کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے۔ ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں دہشتگردی کی کوئی جگہ نہیں ہو گی۔ملک دشمن قوتیں گھناؤنہ کھیل کھیل کر مشکلات پیدا کرنا چاہتی ہیں۔‘






سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے آج لاہور میں ہونے والے خودکش دھماکے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے پیغام میں کہا ہے کہ ’ماہ رمضان میں دھشتگردی پاکستان اور مسلمانوں کا بد ترین دشمن ہی کر سکتاہے۔ اللّہ لواحقین کو صبر عطا کرے اور دھشتگردی کے حقیقی زمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔‘





پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ایک بار پھر امن دشمنوں نے داتا دربار کو نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنا کر خوف و ہراس پھیلانے کی سازش کی گئی ہے، ایسی بزدلانہ کارروائی سے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔






قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے بھی داتا دربار کے باہر ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں کی معصوم زندگیاں لینے والے جلد ہی دنیا سے ختم ہو جائیں گے۔






مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر اور نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے لاہور دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے صحت کی دعا کی۔






پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے مذمتی بیان میں وفاقی حکومت سے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے  شہید بہادر پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔






نامور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے بھی لاہور میں داتا دربار کے باہر خودکش حملے کی مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللّہ لاہور اور ہمارے ملک کی حفاظت فرما۔



تازہ ترین
تازہ ترین