• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضرت پیر شاہ جیونہ کا تین روزہ عرس آج سے شروع ہوگا

حضرت پیر سید محبوب عالم ؒ المعروف پیر کروڑیہ شاہ جیونہ کے 461 ویں سالانہ عرس کی تین روز تقریبات کا آغاز آج شام رسم چراغ سے ہو گا۔

گدی نشین سابق وفاقی وزیر مخدوم سید فیصل صالح حیات رسم چراغ ادا کریں گے جس میں مٹی کے تیل سے جلنے والے دیے کو تقریبا ساٹھ فٹ اونچے لکڑی کے شہتیر پر چڑھایا جائے گا۔

جس کے منزل پر پہنچنے کی صورت میں عرس کی تقریبات کا آغاز ہوگا اور چراغ کے منزل پر پہنچنے سے پہلے بجھ جانے کی صورت میں عرس کی تقریبات منسوخ کردی جائیں گی۔

اس حوالے سے پیر سید مخدوم غوث محمد خضر کا ذکر کیا جاتا ہے جو 1988ء میں دربار کے گدی نشین تھے تو چراغ درمیان میں ہی بجھ گیا اور اس کے اگلے روز ہی ان کا انتقال ہوگیا جس کے بعد میلہ منسوخ کر دیا گیا، یہی وجہ ہے کہ رسمِ چراغ ادا کرنے سے پہلے خصوصی دعا مانگی جاتی ہے۔

عرس کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی جس میں ہزاروں عقیدت مند اور مریدین شرکت کریں گے، تین روزہ تقریبات کے دوران محفل سماع منعقد ہوگی اور مقامی کھیل پیش کئے جائیں گے۔

رواں سال عرس کے موقع پر پولیس کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

تازہ ترین