• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

منفرد سپر ہیرو ٹیکسی جو پریشانیوں سے نجات دلائے

بھارت کے دارلحکومت نئی دہلی میں اپنے طرز کی منفرد سپر ہیرو ٹیکسی متعارف کروائی گئی ہے جس کو مختلف قسم کے کرتب کرتے ہیروز سے سجایا گیا ہے۔


بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس منفرد ٹیکسی کو پرتھ ورما نامی ڈرائیور چلاتے ہیں جو ٹیکسی چلانے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیکسی میں سوار سواریوں کو مختلف چاکلیٹس، پرفیومز اور دیگر اشیاء بھی پیش کرتے ہیں۔

غیر ملکی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے پرتھ ورما نے اپنی تعلیم کے بارے میں بتایا کہ انہو ں نے فنانس اور بزنس مینجمنٹ میں  پوسٹ گریجویٹ کے ساتھ ساتھ کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹینسی کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے جبکہ ٹیکسی چلانے کا کام وہ شوقیہ کرتے ہیں اور یہ شوق اُن میں ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے  سے پیدا ہوا ہے۔

اپنے پیشہ ورانہ تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرتھ ورما نے بتایا کہ وہ گزشتہ ڈھائی سال سے ایک معروف ٹیکسی کمپنی کے ساتھ منسلک تھے، اس سے قبل وہ مختلف کمپنیوں میں بھی ملازمت کرچکے ہیں۔

پرتھ ورما نے اپنے بارے میں بتایا کہ اُن کا تعلق بھارت کے شہر لکھنو سے ہے لیکن  وہ بھارتی علاقے نوئیڈا میں رہائش پذیر ہیں۔

اپنی ٹیکسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پرتھ ورما نے بتایا کہ  میری کار مختلف کرتب کرتے ہیروز کی وجہ سے منفرد ہے جو انہوں نے خود جمع کئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایسی ٹیکسی چلانے پر شروع میں گھر والوں کی خصوصاً والد صاحب کی جانب سے منفی رد عمل دیکھنے کو ملا تاہم بعد ازاں انہوں نے اپنے والد کو منا لیا۔ پرتھ کا مزید کہنا تھا کہ اُن میں یہ شوق اپنے مشغلے ہالی ووڈ فلمیں دیکھنے کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔

پرتھ ورما کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے اپنے شوق کو اپنی ملازمت بنایا۔ اُنہوں نے کہا کہ میری ٹیکسی  میں سفر کر کے میری تمام سواریاں بے حد لطف اندوز ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ بہت زیادہ ذہنی الجھنوں کا شکار ہوتے ہیں لیکن میری ٹیکسی میں سفر کرنے کے بعد لوگ اپنی پریشانیاں بھول جاتے ہیں اور ایک بچے کی مانند میری ٹیکسی میں موجود مختلف کرتب کرتے ہیروز کو دیکھ کر خو ش ہوتے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین