• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خوبصورتی اور جاذبیت میں اضافہ ہوتا رہے مگر اس کےلیےآپ کی توجہ سیلف گرومنگ پر ہونا ضروری ہے۔ شخصیت میں نکھار مختلف طریقوں سے لایا جاسکتا ہے، جس میں بالوں کا نہایت اہم کردار ہوتا ہے۔ اس میں ذرا سی تبدیلی دوسروں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیتی ہے۔ ضروری نہیں کہ آپ اپنا ہیئر اسٹائل بدلیں، آپ ہیئرکلر اور اسٹریکنگ کے ذریعے بھی منفرد نظر آسکتی ہیں۔ خوبصورت دِکھنے اورمختلف انداز کے لیے ہیئر اسٹریکنگ بہترین ہے، اس کا رجحان مغربی دنیا سمیت پاکستان میں بھی خاصا عام ہوچکاہے۔ بیشتر خواتین بالوں کو غیر روایتی رنگوں میں ڈائی کروانے میں دلچسپی رکھتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ سردی ہو یا گرمی، ہیئر اسٹائلسٹ ہرموسم کے لیے مختلف اور نت نئے اسٹریکنگ کلرزمتعارف کرواتے ہیں۔ ہیئر اسٹریکنگ کے کچھ خاص کلرز کے بارے میں جانتے ہیں، جو آپ عید پر اپناسکتی ہیں۔

کریمی بلونڈ

بلونڈ ڈائی کلر خواتین کی اکثریت کی پسند ہوتا ہے۔ 2018ء میں پلاٹینیم بلونڈ کو خاص مقبولیت حاصل رہی لیکن ہیئر اسٹائلسٹ ڈیمم ولیم کی جانب سے رواں برس کے لیے کریمی بلونڈ کو ٹرینڈی ہیئر کلر کے طور پر منتخب کیا ہے۔ ویسے تو بلونڈ کے کئی شیڈز مارکیٹ میں موجود ہیں لیکن سیلیبرٹیز میں کریمی اور بٹر بلونڈ زیادہ مقبول ہیں۔ ایما اسٹون، کیٹی پیری اور کیرون ڈیو ز جیسی ہالی ووڈ سیلیبرٹیز بھی ان شیڈز کوگہرے اور ہلکے اسٹریکنگ کلرز کے ساتھ اپناچکی ہیں۔ ہیئر اسٹائلسٹ ڈیمم کے مطابق گند می ا و رگو ر ی رنگت رکھنے والی خواتین کو چاہیے کہ کریمی بلونڈ کا انتخاب کریں، یہ کلر انھیں اپنی شخصیت میں ایک بہترین تبدیلی لانے میں معاون ثابت ہوگا ۔

ایشی سلور

اکثر خواتین بالوں کو ڈائی کرنے کے لیے سلور کلر پسند نہیں کرتیں کیونکہ انھیں لگتا ہے اس ہیئرکلر کو اپناکر وہ عمر رسیدہ لگ سکتی ہیں ۔ لیکن اب آپ اس خوف سے باہر آجائیے کیونکہ انٹرنیشنل ہیئر اسٹائلسٹ ایشلے کی جانب سے ایشی سلور ہیئر کلر کو 2019ء کا مقبول ہیئر کلر قرار دیا ہے۔ رنگت گوری ہو یا سانولی ایشلے کے مطابق یہ ہیئر کلر تمام خواتین پر بے حد جچتاہے اور گریس فل لُک کے لیے ایشی سلور کا انتخاب بہترین ثابت ہوتا ہے۔ اطمینان رکھیں کہ ایش گرے بلیک بیس کے ساتھ ایشی سلور ہیئر اسٹریکنگ کلر آپ کو عمر رسیدہ دکھانے کے بجائے فیشنسٹا خواتین کی قطار میں شامل کردے گا۔

اسٹرابیری ہنی

کیا آپ بھی ہالی ووڈ بیوٹی ایمااسٹون کے اورنج اور ریڈ ہیئر کلر سے متاثر ہیں؟ مگر پھر بھی خوفزدہ ہیں کہ شوخ اور گہرے شیڈز آپ پر سوٹ کریں گے یا نہیں؟ اگر ایسا ہے تو پہلے آ پ اسٹرابیری ہنی شیڈ اپنائیں۔ اسٹرابیری ہنی میں شیڈز کی بہت سی اقسام موجود ہیں، اس شیڈ کو آپ بلونڈ بیس کے ساتھ بھی اپناسکتی ہے کیونکہ بلونڈ اور اسٹرابیری ہنی شیڈ ہالی ووڈ سیلیبرٹیز میں خاصا مقبول ہے ۔ اسٹرابیری ہنی ہیئر کلر کو بھی مقبول ہیئر کلر کے طور پر منتخب کیا جاتا ہے۔ یہ ایک ایسا شیڈ ہے جوتقریباً تمام ہی خواتین پر جچتا ہے۔

لیونگ کورل

پینٹون کی جانب سے رواں برس کے لیے لیونگ کورل کو سال کا بہترین رنگ قرار دیا گیا ہے۔ نارنجی اور گلابی رنگ سے بنے لیونگ کورل شیڈ کو لباس اور جیولری کے لیے منتخب کرنا خاصا آسان معلوم ہوتا ہے۔لیکن کیا آپ ہیئر کلر کے طور پر اس رنگ کو اپنانے کا تصور کرسکتی ہیں؟ گزشتہ دنوں امریکی اداکارہ بسی فلپ کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں ٹرینڈی ہیئر کلر کے جس شیڈ کا انتخاب کیا گیا ہے، وہ لیونگ کورل ہی ہے۔ چونکہ بسی ایک رائٹر بھی ہیں اس لیے بالوں سے متعلق ان کا ماننا ہے کہ کچھ بھی مستقل نہیں ہوسکتا، میں نہیں بتاسکتی کہ کل بالوں کو لے کر میں کس کلر کا انتخاب کروں۔ خیر ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب کسی سیلیبرٹی نےلیونگ کورل کلر کا انتخاب اسٹریکنگ کے لیے کیا ہو، کچھ عرصہ قبل ٹریسی کننگھم بھی ایک پوسٹ کے ذریعے اپنی سیلیبرٹیز کلائنٹس کے لیے اس منفرد اسٹریکنگ ہیئر کلر کا انتخاب کرچکی ہیں۔

رچ کاپر

2018ء میں رچ برنیٹس اور گولڈن کاپرخواتین میں مقبول ہیئر کلرز کے طور پر چھائے رہے۔اگر گزشتہ برس آپ اس کلر کو اپنا چکی ہیں تو اس بار صرف رچ کاپر اسٹریکس کا اضافہ کرلیجیے۔ ہیئر اسٹائلسٹ اسٹریکنگ کےلیے برنیٹس کی بیس کے ساتھ رچ کاپر شیڈ بہترین اور ٹرینڈی تسلیم کرتے ہیں۔ عام طور پر کہا جاتا ہے کہ گوری رنگت والی خواتین گولڈ ن ہیئر کلر سے اجتناب کریں لیکن ہالی ووڈبیوٹی ایکسپرٹ گارڈرڈ کے مطابق گولڈن کاپر گورے رنگ کی حامل خواتین پر بے حد جچتا ہے۔ اس ہیئر کلر کے ذریعے ان خواتین کے چہرے پر ایک خاص نکھا ر پیدا ہوتا ہے۔ خوبرو اداکارہ ایمی ایڈم،کیتھرین گریس اور ایما اسٹون بھی اس رنگ کو اپنا چکی ہیں۔

تازہ ترین