• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں بٹلر کی دھواں دار سینچری کی بدولت انگلینڈ نے رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا، پاکستان کے بولرز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 373 رنز بنالئے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیرسٹو نے 115رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔

بیرسٹو 45 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیل کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

نئے آنے والے بیٹسمین جوئے روٹ نے جیسن روئے کا بھرپور ساتھ دیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 177 تک پہنچادیا۔

جیسن روئے جو عمدہ بیٹنگ کررہے تھے حسن علی کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے، وہ 98 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 87 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین جوئے روٹ تھے جو 40 رنز بناکر یاسر شاہ کی گیند پر حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 211 رنز تھا۔

کپتان ایون مورگن اور وکٹ کیپر بیٹسمین بٹلر نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں162 رنز بناکر ٹیم کا اسکور373رنز تک پہنچادیا۔

جوز بٹلر نے 55 گیندوں پر 9 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 110 رنز بنائے جبکہ کپتان مورگن 48  گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور یاسر شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے پہلے ساؤتھمپٹن میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں محمد عامر کی جگہ یاسر شاہ کو موقع دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کےدورے کے دوران گرین شرٹس کو واحد ٹی20 میں شکست ہوچکی ہے جبکہ پہلا ون ڈے بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔

تازہ ترین